1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پشاور حملہ: غیر ملکیوں کی اسلام آباد منتقلی

10 جون 2009

پشاورکے پرل کانٹی نینٹل پر خود کش حملے کے بعد اقوام متحدہ اورغیر ملکی سفارتخانوں نے اپنے اہلکاروں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/I77W
پشاور حملے کے بعد اسلام آباد کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہےتصویر: AP

ایک طرف امریکی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کسی امریکی شہری کی ہلاکت کی اطلاع نہیں تاہم پشاور قونصلیٹ سمیت تمام امریکی اداروں کے اہلکاروں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق پرل کانٹی نینٹل میں ان دنوں زیادہ تر امریکی انٹیلی جنس اورعسکری اہلکار، پرائیویٹ سیکیورٹی ایجنسی بلیک واٹر کے ماہرین کے علاوہ مالاکنڈ کے متاثرین کی دیکھ بھال میں مصروف کئی غیر ملکی بھی مقیم تھے۔

خیال رہے کہ بلیک واٹر کمپنی کے اہلکار افغانستان اورعراق میں امریکی اداروں کی حفاظت اور مخالفین کے خاتمے میں خصوصی مشن میں مصروف رہے ہیں اورخدشہ ہے کہ پاکستان میں امریکی کردار میں اضافے کے ساتھ امریکہ کی نجی سیکورٹی ایجنسیوں کا کردار بھی بڑھ جائے گا۔

بعض اطلاعات کے مطابق امریکی حکومت پرل کانٹی نینٹل کے مالکان کے ساتھ امریکی قونصلیٹ بھی اسی ہوٹل میں منتقل کرنے کے سلسلے میں بات چیت میں مصروف تھی۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین UNHCR کے ایک ترجمان نے اپنے اہلکار الیگزینڈر ورکاپک کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ نا مساعد حالات کے باوجود مالاکنڈ آپریشن کے متاثرین کےلئے امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

تاہم غیر ملکی اہلکاروں کی سرگرمیوں کو محدودکرتے ہوئے انہیں اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح دوسری غیر ملکی تنظیموں نے بھی فی الوقت اپنے ملازمین کو گھروں اور دفتروں تک محدود کر دیا ہے۔

سابق وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ کے مطابق سوات آپریشن کے ساتھ ساتھ بنوں میں فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں تشدد کے واقعات میں اضافے کا خطرہ بڑھ گیا ہے اوران کی پیش بندی کے لئے مل جل کر کوششیں کرنی ہوں گی۔

’’پشاور میں حالیہ خودکش حملہ سیکیورٹی کے لئے سوالیہ نشان تو ضرور بنا ہے میرے خیال میں یہ سلسلہ اب ہر ایک شہر میں ہے۔ اس میں چھ یا آٹھ گاڑیوں کی نشاندہی یا ان کو روکنا میرے خیال میں پولیس کے لئے مشکل ہے ۔‘‘

غیر معمولی سیکیورٹی حالات کے ہی پیش نظر حکومت پنجاب کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے دو حلقوں میں ضمنی انتخابات بھی ملتوی کر دیئے ہیں۔ مخدوش سیکیورٹی حالات کے مد نظر حکومت نے وزارت داخلہ کے بجٹ میں بھی غیر معمولی اضافےکا عندیہ دیا ہے۔ جس کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران وزارت کی استعداد بڑھانے کے لئے تقریباً 30ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔

رپورٹ : امتیاز گل

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید