1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرواز شروع کرتے ہی طیارہ دیوار سے ٹکرا کر تباہ، دَس ہلاک

امجد علی22 دسمبر 2015

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ہوائی اڈے سے کچھ ہی فاصلے پر ایک چھوٹا طیارہ اپنی پرواز شروع کرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد ایک دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اُس پر سوار تمام دَس افراد موت کا شکار ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/1HRbi
Indien Flugzeugabsturz bei Neu-Delhi
یہ تصویر بائیس دسمبر 2015ء کو نئی دہلی ایئرپورٹ کے قریب ایک دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہونے والے طیارے کی ہےتصویر: Reuters/A. Abidi

مختلف خبر رساں اداروں کی متفقہ رپورٹوں کے مطابق نیم فوجی بارڈر سکیورٹی فورس بی ایس ایف کا دو انجنوں والا یہ طیارہ ایئرپورٹ سے کچھ ہی دور ایک دیوار سے ٹکرانے کے بعد شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق ایوی ایشن کے جونیئر وزیر مہیش شرما نے بتایا کہ ’اس سانحے میں طیارے پر سوار تمام دَس افراد ہلاک ہو گئے ہیں‘۔

موقع پر موجود فائر بریگیڈ کے عملے کے ایک کارکن نے بتایا کہ یہ طیارہ نکاسیٴ آب کے ایک پلانٹ کی دیوار سے ٹکرایا تھا۔ طیارے پر دو پائلٹوں کے ساتھ ساتھ آٹھ ٹیکنیشنز بھی سوار تھے۔ یہ تمام کے تمام مرد تھے، جو دہلی سے مشرقی بھارتی شہر رانچی جا رہے تھے۔ ابھی یہ بات واضح نہیں ہے کہ یہ حادثہ کیسے اور کیوں پیش آیا تاہم حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ طیارہ بیس سال پرانا تھا۔ ٹی وی چینلز پر چلنے والی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے اُس مقام سے شعلے اور گہرا دھواں نکل رہا ہے، جہاں یہ طیارہ گرا تھا۔

جس مقام پر طیارے کا ملبہ گرا ہے، وہ اُس رَن وے سے پانچ سو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جسے بھارتی سکیورٹی فورسز استعمال کرتی ہیں۔ یہ رَن وے بنیادی طور پر بھارتی دارالحکومت کے مرکزی ہوائی اڈے کے اندر ہی واقع ہے۔

ایک مقامی باشندے روہیت سَینی نے مختلف ٹی وی چینلز کو بتایا:’’ہم نے دیکھا کہ یہ طیارہ گھومتے ہوئے نیچے آیا اور اِس دیوار کے قریب آن کر گرا، جہاں کچھ مزدور کام کر رہے تھے، ایک مزدور زخمی بھی ہو گیا۔‘‘

ایک عینی شاہد نے یہ بتایا کہ جس مقام پر یہ طیارہ گرا ہے، وہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ہے۔ اُس نے بتایا:’’ہم ایک بڑے المیے سے بچ گئے ہیں۔ اگر یہ طیارہ ریلوے اسٹیشن پر جا کر گرتا تو زیادہ بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہو سکتی تھیں۔‘‘

Fluggesellschaft Air India entlässt Stewardessen
22 دسمبر: کولکتہ ایئرپورٹ پر کھڑے فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے ایک طیارے کو، جس پر کوئی مسافر نہیں تھا، ایک بس کی ٹکر کے نتیجے میں نقصان پہنچا (فائل فوٹو)تصویر: picture-alliance/dpa/D. Solanki

فائر بریگیڈ کی کوئی ایک درجن گاڑیوں نے اس حادثے کے چند گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا تھا۔ منگل کے روز بھارتی ہوائی اڈوں کے اندر یا آس پاس ہونے والا یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ تھا۔ اس سے پہلے منگل کی صبح ہی ایک شٹل بس کولکتہ ایئرپورٹ پر کھڑے ایئر انڈیا کے ایک مسافر بردار طیارے سے ٹکرا گئی تھی تاہم اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تھا۔ بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بس میں یا طیارے پر کوئی مسافر موجود نہیں تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس ٹکر کی وجہ سے طیارے کو بہرحال نقصان پہنچا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید