1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ہاکی ٹیم کو دورہ بھارت سے روک دیا گیا

3 جنوری 2009

پاکستانی حکومت نے قومی ہاکی ٹیم کو سلامتی سے متعلق خدشات کی بناء پر اسی مہینے بھارت میں ہونے والے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت سے روک دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/GRGE
دوطرفہ کشیدگی نے کرکٹ کے بعد ہاکی کو بھی متاثر کیاتصویر: AP

گذشتہ برس نومبر کے آخر میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد دونوں ہمسایہ ملکوں کے مابین مسلسل کشیدگی کے تناظر میں اسلام آباد حکومت کے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کھیلوں کے پاکستانی وزیر آفتاب شاہ جیلانی نے صحافیوں کو بتایا کہ جب تک دونوں ملکوں کے تعلقات اور اسلام آباد اور نئی دہلی کے مابین عمومی فضا بہتر نہیں ہوجاتی تب تک پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارت کے دورے پر بھیجنا مناسب نہیں ہوگا۔

پاکستانی حکومت کا اسی مہینے بھارت میں ہونے والے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے قومی ٹیم کو ہمسایہ ملک نہ بھیجنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس مجوزہ دورہ پاکستان کی منسوخی کے محض دو ہفتہ بعد کیا گیاجس کے تحت بھارتی ٹیم کو جنوری میں پاکستان آنا تھا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن PHF نے قومی ہاکی ٹیم کے مجوزہ دورہ بھارت کی منسوخی کے حکومتی فیصلے کو تسلیم کرلیا ہے۔ اس بارے میں ملکی ہاکی فیڈریشن کے سربراہ قاسم ضیا نے کہا کہ ان کے ادارے نے ٹیم کے دورہ بھارت کو حتمی شکل دینے سے پہلے کھیلوں کی وفاقی وزارت سے اجازت مانگی تھی اور ان کے لئے موجودہ حالات میں حکومتی فیصلہ قابل فہم ہے۔

PHF کے سربراہ نے کہاکہ اب پاکستان ہاکی فیڈریشن اس ٹورنامنٹ کے متبادل کے طور پر دیگر ایشیائی ملکوں کی ٹیموں کے ساتھ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا اہتمام کرنے کی کوشش کرے گی۔