1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی نے چیمپئنز ٹرافی جیت لی

18 جون 2017

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن بھارت کو 180 رنز سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ یہ ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2etQS
UK Cricket ICC Champions Trophy | Pakistan gegen England
تصویر: Reuters/P. Cziborra

لندن کے اوول گراؤنڈ میں اتوار 18 جون کو کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز لیگ کے فائنل میچ میں پاکستان نے بھارت کو تمام شعبہ جات میں مات دے دی۔ 339 کے تعاقب میں بھارتی بلے بازاکتیسویں اوور میں  158 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئے۔ یوں پاکستان اس میچ میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

فخر زمان کی سنچری، بھارت کے لیے 339 کا ہدف

پاک بھارت تاریخی فائنل، کانٹے دار مقابلہ متوقع

پاک بھارت کرکٹ کی تاریخ کے پانچ تلخ ترین واقعات

پاکستان کی طرف سے فاسٹ بولر محمد عامر کی تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں بھارتی بلے بازی کا ٹاپ آرڈر فلاپ ہو گیا۔ عامر نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما کو ایل بی ڈبلیو کر دیا جبکہ بعد ازاں ویرات کوہلی اور شیکھر دھون کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ حسن علی نے بھی بہت شاندار کارکردگی دکھائی اور تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس ٹورنامنٹ میں بہترین بلے بازوں والی بھارتی ٹیم پاکستانی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ ہاردک پانڈیا ہی ایک واحد کھلاڑی تھے، جنہوں نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے چھ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر 76 رنز بنائے۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔ پاکستانی اوپنرز نے اس میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔ فخرزمان نے عمدہ اننگز کھیلی اور جارحانہ انداز میں 106 گیندوں پر 114 رنز بنائے جبکہ اظہر علی 59 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان کی شاندار بلے بازی کے باعث پاکستانی بلے بازوں کو ایک اچھا پلیٹ فارم ملا اور انہوں نے مجموعی اسکور 338 تک پہنچا دیا۔

بابر اعظم نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور چھیالیس رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد حفیظ بھی آج جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے 37 گیندوں پر ستاون رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ آخری اوورز میں عماد وسیم بھی اچھا کھیلے اور انہوں نے اکیس گیندوں پر پچیس رنز بنائے۔

بھارت کی طرف سے کامیاب ترین بولر بھوینشور کمار رہے، جنہوں نے دس اوورز میں چوالیس رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ ان کے علاوہ کیدھر جادھو اور ہاردک پانڈیا نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے پہلی مرتبہ چیمپنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہر چار سال بعد منعقد کیا جاتا ہے۔