1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ماہی گیر کشتی پر بارود لدا تھا، بھارت

عدنان اسحاق2 جنوری 2015

بھارتی حکام نے بتایا ہے کہ بارود سے لدی ہوئی پاکستانی ماہی گیروں کی ایک کشتی دھماکے سے تباہ ہو گئی ہے۔ اس واقعے میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EEEo
تصویر: AP

بھارتی حکام کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ انڈین کوسٹ گارڈز اس کشتی کو روک کر اس کی تلاشی لینا چاہتے تھے۔ بھارتی خفیہ ادارے کے اہلکاروں کے خیال میں سالِ نو کی شب جب اس کشتی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اس کا عملہ کسی غیر قانونی لین دین کی تیاریاں کر رہا تھا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بحیرہ عرب میں مغربی بھارت کے ساحل سے 365 میل دور پیش آیا۔ بھارتی کوسٹ گارڈز کے ترجمان اجے کمار نے ایسی خبروں کی تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی ماہی گیروں کی اس کشتی پر لدا اسلحہ بارود کسی ممکنہ حملے میں استعمال کیا جانا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کشتی کا تقریباً ایک گھنٹے تک پیچھا کیا گیا۔ اس دوران انتباہ کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ اس کے باوجود یہ کشتی سمندر میں آگے ہی بڑھتی رہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تھوڑی ہی دیر بعد یہ کشتی اچانک رک گئی اور اس میں سوار افراد کشتی میں آگ لگا کر عرشے کے نیچے چھپ گئے۔ اس کے بعد ایک بہت بڑا دھماکہ ہوا اور ساتھ ہی یہ کشتی سمندر برد ہو گئی۔

بھارتی حکومت کے مطابق اس کشتی میں سوار افراد کی لاشیں تک نہیں ملیں۔ اس بھارتی بیان پر پاکستانی حکومت کی جانب سے فی الحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔ بھارتی وزارت دفاع نے بتایا کہ خفیہ ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ کراچی کے قریب سے چلنے والی یہ کشتی کسی غیر قانونی ڈیل کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس موقع پر جب کشتی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اس نے بھارتی سمندری حدود سے فرار ہونے کی کوشش بھی کی تھی۔

2008ء میں ممبئی میں حملے کرنے والے دہشت گرد بھی سمندری راستے سے ہی بھارت میں داخل ہوئے تھے۔ اس دہشت گردی میں کم از کم 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سے بھارتی کوسٹ گارڈز نے ملکی سمندری حدود کی حفاظت انتہائی سخت کر رکھی ہے۔