1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی شہر ڈیرہ غازی خان میں کار بم حملہ کم از کم27 ہلاک

16 دسمبر 2009

پاکستانی صوبہ پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان میں ایک وزیر دوست محمد کھوسہ کے گھر کے قریب ہونے والے ایک کار بم حملے میں کم از کم 27 افراد ہلاک جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

https://p.dw.com/p/L2uK
عسکریت پسندوں کے خلاف حکومتی کارروائی کے آغاز کے بعد سے ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات سامنے آ رہے ہیںتصویر: AP

پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے جنوبی حصے میں واقع اہم شہر ڈیرہ غازی خان کے کمیٹی چوک کے قریب گزشتہ روز ایک خود کش بمبار نے بارود سے لدی گاڑی کو مصروف اور بھیڑ والے مقام پر لا کر اڑا ڈالا۔ زور دار دھماکے سے سارے علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔

حکام کے مطابق دھماکے کے وقت صوبائی وزیر دوست محمد کھوسہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ پولیس کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار کو صوبائی وزیر کی رہائش گاہ کے قریب ڈیرہ غازی خان کے معروف کاروباری مرکز کھوسہ مارکیٹ کے قریب لا کر دھماکے سے اڑا دیا۔

دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی بڑے شہر ملتان پہنچایا گیا۔ ہلاک شدگان کی تعداد ستائیس سے تجاوز کر چکی ہے۔ ابھی بھی متعد زخمیوں کی حالت نازک بیان کی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ دھماکے کے مقام کے قریب واقع کھوسہ مارکیٹ میں متعدد دکانیں منہدم ہو گئیں۔ مارکیٹ کے قریب واقع ایک مسجد کی عمارت بھی تباہی کا شکار ہوئی اور دھماکے کی جگہ پر 10 فٹ گہرا گڑھا پڑگیا۔ صوبائی وزیر کے گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ گھر پر وزیر کے اہل خانہ یا دوسرے رشتہ دار بھی موجود نہیں تھے۔

امدادی کارکنوں کے مطابق متعدد افراد ان دکانوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ مقامی حکام کا خیال ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 تک ہو سکتی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت : افسر اعوان