1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی خواتین ویمن ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ سے باہر ہو گئیں

1 مارچ 2020

آئی سی سی ویمن ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ بی میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے سیمی فائنل مقابلوں تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/3YgzA
Bildergalerie Cricket Frauen Laura Marsh
تصویر: Getty Images

اتوار کے دن گروپ بی کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک گروپ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سترہ رنز سے شکست دی جبکہ انگلش ٹیم نے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو چھالیس رنز سے مات دی۔ یوں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی خواتین ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہیں۔

گروپ اسٹیج میں پاکستانی ٹیم نے تھائی لینڈ کے خلاف میچ کھیلنا ہے لیکن اگر پاکستانی خواتین کی ٹیم یہ میچ جیت بھی جاتی ہیں تو پوائنٹس ٹیبل اس کے چار پوائٹس ہوں گے۔ دوسری طرف انگلش اور جنوبی افریقی ٹیموں نے تین تین میچوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے چھ چھ پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔

گروپ اے میں بھارتی خواتین سیمی فائنل تک پہنچ چکی ہیں جبکہ دوسری ٹیم کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ اس گروپ میں پیر کے دن آسٹریلوی خواتین اپنی روایتی حریف نیوزی لینڈ ویمن کے مدمقابل ہوں گی۔ ان دونوں ٹیموں کے پوائنٹس چار چار ہیں اور جو بھی یہ میچ جیتے گا ، وہ سیمی فائنل مقابلے تک رسائی حاصل کر لے گا۔

اتوار کے دن سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کی اور مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ پہلے دو میچوں میں لورا وولوارڈٹ کو بیٹنگ کا موقع نہیں ملا تھا لیکن پاکستان کے خلاف اس ٹورنامنٹ کی اپنی پہلی اننگز میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور چھتیس گیندوں پر 53 رنز بنائے اور میچ کا پانسا پلٹ دیا۔

پاکستان کی طرف سے کامیاب بولر ڈائنا بیگ رہیں، جنہوں نے چار اوورز میں انیس رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے جب بلے بازی کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ اٹھارہ رنز پر گر گئی۔ پاکستانی اسٹار جویریہ خان نے اکتیس اور عالیہ ریاض انتالیس رنز کی اننگز کھیلیں مگر وہ پاکستان کو یہ میچ جتوا نہ سکیں۔

گروپ بی کے دوسرے میچ انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 97 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ خواتین ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا فائنل میچ آٹھ مارچ کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

ثناء میر، دنیا کی بہترین خاتون بالر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں