1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کی امداد جاری رکھی جائےگی : جرمن وزیر خارجہ

28 اکتوبر 2008

پاکستان کے دورے پر گئےجرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے کہا ہے کہ معیشت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان کی امداد جاری رکھی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/FieY
تصویر: picture-alliance/ dpa

جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹراسٹائن مائرپاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد میں پاکستانی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملے۔ ملاقات میں پاکستان کو درپیش اقتصادی مشکلات، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور پاک افغان سرحدی علاقوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خصوصی طورپرتوانائی کے شعبے میں جرمنی کے تعاون پربھی غور کیا گیا۔

جرمن وزیر خارجہ کے ہمراہ اقتصادی شعبے کے چوٹی کے جرمن اہلکاروں کا وفد بھی پاکستان پہنچا۔ پاکستانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں پاکستانی برآمدات کی یورپی مارکیٹ تک رسائی پر بھی بات ہوئی۔

شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشتر کہ پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئےجرمن وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جائے۔

اشٹائن مائر نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کو امداد دینے کا فیصلہ چھ ماہ کی بجائےچھ ہفتے میں کرے۔ جرمنی آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان جاری مذاکرات کامیاب بنانے کےلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ جرمن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جرمن حکومت جرمن کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ترغیب دلائے گی۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ سے دوطرفہ بات چیت میں باہمی تعلقات کے فروغ اور دفاعی تعاون پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اقتصادی مشکلات میں جرمنی نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کہ جرمنی کے ساتھ تجارتی تعاون کو بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ سے قبائلی علاقوں کی معیشی صورتحال اوراس میں اصلاحات پر بھی بات چیت ہوئی۔