1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے آسٹریا میں کنسرٹ

23 اگست 2010

پاکستانی سیلاب زدگان کے لئے امدادی رقوم جمع کرنے کی خاطر آسٹریا کے زالسبرگ فیسٹیول میں خصوصی کنسرٹ کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس کے لئے ٹکٹوں کی فروخت پیر سے شروع ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/OuHc
روسی سپراسٹار سوپرانو انا نیٹریبکوتصویر: AP

یہ کنسرٹ رواں ہفتے جمعرات زالسبرگ کے ہاؤس فویئر موزارٹ تھیٹر میں ہوگا۔

آسٹریا کے شہر زالسبرگ میں منعقد کئے جانے والے اس کلاسیکی موسیقی کے معروف فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے متاثرین سیلاب کے لئے رکھے گئے خصوصی کنسرٹ کی مرکزی پرفارمر روسی سپراسٹار سوپرانو انا نیٹریبکو ہوں گی۔

اس گالا پرفارمنس میں نیٹریبکو کے ساتھ متعدد دیگر ستارے بھی زالسبرگ فیسٹیول کے اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے، جن میں یوروگوائے سے تعلق رکھنے والے ان کے پارٹنر ایروِن شروٹ بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے ٹکٹوں کی فروخت پیر سے شروع ہو گئی ہے۔ منتظمین کے مطابق فی ٹکٹ قیمت 40 سے 280 یورو تک مقرر کی گئی ہے۔ ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ کے لئے مختص ہوگی۔

Pakistan Flutkatastrophe
پاکستان میں انگلینڈ کے برابر رقبہ سیلاب سے متاثر ہواتصویر: AP

پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے، جس سے دو کروڑ افراد متاثر ہیں جبکہ متاثرہ رقبہ انگلینڈ کے برابر ہے۔ اقوام متحدہ اس قدرتی آفت کو انسانی تاریخ کا المناک واقعہ قرار دیے جا چکی ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ حالیہ تاریخ میں اس قدر بڑے پیمانے پر تباہی نہیں دیکھی گئی۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں