1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش دوبارہ شروع

بینش جاوید
19 دسمبر 2016

پاکستانی سینما گھروں کے مالکان نے پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے باعث پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کی گیارہ ہفتوں تک بندش کے بعد آج سے ان کی نمائش کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2UY7j
Pakistan Plakat Film Phantom
تصویر: picture alliance/AP Photo/R. R. Jain

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق کچھ سینما مالکان کے مطابق انہوں نے بھارتی فلموں کی نمائش کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیوں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی آرہی ہے۔ کچھ تھیٹر مالکان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ لوگوں کی سینما گھروں میں آمد میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔

کراچی کے ایٹریم سینما نے آج بھارتی فلموں کی نمائش کا آغاز بھارتی فلم ’فریکی علی‘ کی نمائش سے کیا۔ روئٹرز کے مطابق بھارتی فلموں کی نمائش کا فیصلہ تو کر لیا گیا ہے لیکن فی الحال اس عمل کی پوسٹرز اور دیگر طریقوں سے تشہیر نہیں کی جا رہی۔

دونوں جوہری ممالک کے درمیان تناؤ میں زیادہ اضافہ اس برس بھارت کی جانب سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسندوں اور مظاہرین کے خلاف بڑھتے ہوئے کریک ڈاؤن کے بعد دیکھنے میں آیا تھا۔  اس برس ستمبر میں عسکریت پسندوں کی جانب سے 18 بھارتی فوجی ہلاک کر دیے گئے تھے۔ بھارت نے اس حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا تھا۔ دونوں ممالک میں جب حالات زیادہ کشیدہ ہوئے تو پاکستان میں سینما مالکان نے بھارتی فلموں کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

2015 Film Phantom Katrina Kaif und Kabir Khan
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Kakade

پاکستانی ریاست کی جانب سے تمام ٹی وی چینلز پر بھارتی مواد نشر کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ’سپر سینما‘ گھروں کے جنرل مینیجر خرم گل طیب نے روئٹرز کو بتایا،’’بالی وڈ کی فلموں کے بغیر ہمیں اسی فیصد گاہکوں کو کھونا پڑا ہے۔‘‘ خرم کہتے ہیں اگر بھارتی فلموں کی نمائش شروع نہ کی گئی تو سینما گھروں کو بند کرنے کی نوبت آ جائے گی۔

ندیم مانڈی والا کی کمپنی ’مانڈی والا انٹرٹینمنٹ‘ کراچی اور اسلام آباد میں آٹھ سینما گھروں کو چلا رہی ہے۔ مانڈی والا کا کہنا ہے کہ کسی کو تو تعلقات کی بحالی کے لیے قدم اٹھانا ہو گا۔ دوسری جانب پاکستانی انگریزی اخبار ڈان کے مطابق پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین سید نور بھارتی فلموں کی نمائش کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا ہے، ’’بھارتی فلموں کو پاکستان میں دکھانا ایک کمرشل فیصلہ ہے جس میں ملک سے محبت کا عنصر شامل نہیں ہے، جب حکومت نے بھارتی مواد نشر کرنے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے تو پھر سینما مالکان کیوں یہ فلمیں دکھانے پر بضد ہیں۔‘‘

Filmplakat pakistanischer Film "Main Houn Afridi"
تصویر: RIZWAN TABASSUM/AFP/Getty Images

پاکستان کی فلم انڈسٹری گزشتہ کچھ برسوں سے اچھے مواد پر مبنی دلچسپ فلمیں تو بنا رہی ہے لیکن ابھی بالی وڈ کے سامنے یہ ایک بہت چھوٹی انڈسٹری ہے۔