1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان ميں تنگ حال ہاتھی کاوان کو نيا گھر مل گيا

12 اکتوبر 2020

اسلام آباد کے چڑيا گھر ميں تنہا زندگی گزارنے والے ہاتھی کی مشکلات اب ختم ہونے کو ہيں۔ کاوان کے ليے کمبوڈيا ميں ايک پناہ گاہ تلاش کر لی گئی ہے، جہاں وہ اپنی بقيہ زندگی آزاد اور ديگر ہاتھيوں کے ہمراہ گزار سکے گا۔

https://p.dw.com/p/3joDC
Pakistan Islamabad Zoo 2016 | Elefant Kaavan
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کے مرغزار چڑيا گھر کے ہاتھی کاوان کو بالآخر گھر مل گيا ہے۔ جانوروں کے تحفظ کے ليے سرگرم بين الاقوامی ادارے 'فور پوز‘ نے پير 12 اکتوبر کو اعلان کيا ہے کہ کاوان کو نومبر کے اختتام تک کمبوڈيا ميں ہاتھيوں کی ايک پناہ گاہ بھيج ديا جائے گا۔

ايشيائی ہاتھی کاوان صرف ایک برس کا تھا جب سن 1985 ميں اسے سری لنکا سے پاکستان لايا گيا۔ اس کی ساتھی، جس کا نام سہيلی تھا، سن 2012 ميں چل بسی۔ کاوان مرغزار چڑيا گھر ميں ايک چھوٹے سے حصے ميں کئی دہائيوں سے وقت گزار رہا ہے۔ اکثر اوقات اسے زنجيروں سے جکڑ کر رکھا جاتا ہے۔ يہ ہاتھی کافی مشکل حالات ميں اور گزشتہ آٹھ برس سے تنہائی ميں گزر بسر کر رہا تھا۔

Pakistan Islamabad Zoo 2020 | Elefant Kaavan
تصویر: AFP/A. Qureshi

کاوان کی حالت زار عالمی سطح پر اس وقت اجاگر ہوئی جب امريکی گلوکارہ اور جانوروں کے حقوق کے ليے سرگرم شيئر نے سن 2016 ميں کاوان کی منتقلی کے ليے ايک آن لائن پٹيشن شروع کی۔ اس پٹيشن پر تقريباً دو لاکھ افراد نے دستخط بھی کر ديے تھے۔ اسی وقت سے کاوان کے ليے کسی مناسب ٹھکانے کی تلاش جاری تھی۔

کاون کے حق میں فیصلہ، امریکی سنگر شئر بھی خوش ہو گئیں

کاوان کے بھی اچھے دن آئیں گے

کمبوڈيا ميں کاوان کو جس پناہ گاہ ميں بھيجا جا رہا ہے، اس ميں 80 ہاتھی رہتے ہيں۔ ہاتھيوں کی يہ پناہ گاہ ماہرين اور سہوليات سے ليس ہے اور امکان ہے کہ وہاں کاوان کی باقی زندگی آرام سے گزرے گی۔ ويانا ميں قائم 'فور پوز‘ کے ماہرين نے فضائی سفر کے ليے کاوان کی نفسياتی اور جسمانی صحت کا بھی جائزہ ليا۔ کاوان کو اس کے اگلے گھر تک پہنچانے کی ذمہ داری بھی اسی ادارے کو سونپی گئی ہے۔ ہوائی سفر کے ليے کاوان کو تيار کيا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے ليے پانچ ٹن وزنی اور تين ميٹر اونچا ايک خصوصی پنجرہ تيار کيا جا رہا ہے، جس ميں کاوان کو طبی معائنوں کے بعڈ کمبوڈيا پہنچايا جائے گا۔

جانوروں کے ديگر کئی ڈاکٹروں سميت عامر خليل اور فرانک گورٹز نے ستمبر ميں کاوان کا تفصيلی معائنہ بھی کيا۔ ڈاکٹر خليل فضائی سفر کے ليے ان دنوں کاوان کو تيار بھی کر رہے ہيں۔

ع س / ا ب ا (ڈی پی اے)