1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحت

پاکستان 90 ممالک کے لیے ویزا قوانین میں نرمی کرے گا

25 جنوری 2019

پاکستان نے امریکا اور یورپ سمیت دنیا بھر کے نوے ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا شرائط میں نرمی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردانہ واقعات کی وجہ سے گزشتہ کئی برسوں ميں سیاحت کا شعبہ شدید متاثر ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/3CCYA
Pressebilder Bulbulik Heritage Centre Gulmit
تصویر: Bulbulik Heritage Centre Gulmit

پاکستانی کابینہ کی وزیر فہمیدہ مرزا نے یہ منصوبہ جمعے کے روز اسلام آباد میں پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ملک میں آنے والے سیاحوں کو ہر ممکنہ سکیورٹی فراہم کرے گی۔ وزیر بین الصوبائی رابطہ فہميدہ مرزا کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے 175 ممالک کے شہری الیکٹرانک طریقے سے آن لائن ویزے حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے 50 ممالک کے شہری کسی بھی پاکستانی سفارت خانے میں درخواست دیے بغیر پاکستان کے کسی بھی ایئر پورٹ پر پہنچنے کے بعد ویزا حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان ممالک کی فہرست ميں امریکا بھی شامل ہے۔

پاکستان میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ واقع ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے شمال مغربی علاقوں کا شمار دنیا کے خوبصورت ترین حصوں ميں ہوتا ہے۔ لیکن افغانستان میں جاری جنگ اور اس کے بعد پاکستان میں ہونے والے بم دھماکوں کی وجہ سے اس ملک میں آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد حاليہ سالوں ميں انتہائی کم  رہی ہے۔

Pressebilder Bulbulik Heritage Centre Gulmit
تصویر: Bulbulik Heritage Centre Gulmit

پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے حالیہ کچھ عرصے سے مثبت خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ابھی کچھ عرصہ پہلے ہی یورپی ملک پرتگال نے سياحت کے ليے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دے ديا تھا۔ اسی طرح فرانس نے بھی پاکستان کے حوالے سے سفری ہدايات ميں نرمی پیدا کی ہے۔

پاکستان سن 1970 کی دہائی ميں سياحت کے ليے ايک مشہور و معروف ملک تھا۔ اس وقت کئی مغربی ممالک کے سياح پاکستان آتے تھے۔ يہ سياح پاکستانی وادی سوات اور کشمير سے ہوتے ہوئے نيپال اور بھارت جايا کرتے تھے۔ تاہم بعدازاں ملک ميں عدم استحکام و دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے پاکستان ميں سياحت کی صنعت بری طرح متاثر ہوئی۔

چند ماہ پہلے مشہور فوربز میگزین نے عالمی سیاحوں کو پاکستان جانے کی تجویز دی۔ فوربز میگزین نے لکھا تھا، ’’سیاحوں کو چاہیے کہ وہ قراقرم ہائی وے کے ذریعے ہنزہ، شگر اور خپلو کا دورہ کریں۔‘‘ یہ مقامات پاکستانی علاقے گلگت بلتستان میں واقع ہیں، جو دنیا بھر کے سیاحوں میں مقبول ہیں۔

ا ا / ع س ( ڈی پی اے، روئٹرز، اے پی)