1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پالمیرا کے مرکز پر شامی دستوں کا قبضہ

عدنان اسحاق25 مارچ 2016

شامی فوج نے ایک کارروائی کرتے ہوئے تاریخی شہر پالمیرا کے مرکزی قلعے پر دوبارہ سے قبضہ کر لیا ہے۔ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے ایک برس قبل اس علاقے سے شامی فوج کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1IJza
تصویر: Reuters

شامی فوج کے بقول،’’ ہمارے دستوں نے پالیمرا کے پرانے قلعے پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس دوران انہیں دیگر دفاعی دستوں کا تعاون بھی حاصل رہا۔ اس کارروائی میں دہشت گرد گروپ داعش کو بہت سے نقصانات بھی اٹھانے پڑے ہیں۔‘‘ اس پرانے قلعے کی باقیات کو پالمیرا کا مرکز بھی کہا جاتا ہے اور علامتی طور پر یہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پہاڑی پر واقع اس قلعے کو تیرہویں صدی میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اس کا شمار پالمیرا کی اہم ترین اسلامی باقیات میں ہوتا ہے۔ یہ قلعہ بھی عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ ہے۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائیٹس کے مطابق اس کارروائی میں شامی دستوں کو روسی فضائیہ کی مدد حاصل رہی۔ آبزرویٹری نے مزید بتایا کہ شامی دستوں نے گزشتہ روز دفاعی اعتبار سے ایک اہم پہاڑی پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس پہاڑی سے اس ثقافتی ورثے کی نگرانی بہتر انداز میں کی جا سکتی تھی۔ دو ہزار پرانا یہ شہر عالمی ثقافتی ورثے کا بھی حصہ ہے۔

Syrien Krieg Palmyra
تصویر: Getty Images/AFP/Stringer

اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے گزشتہ برس 23 مئی کو اس شہر پر قبضہ کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی یہاں پر موجود کھنڈرات کے حوالے سے عالمی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی تھی۔ اس دوران یہ خبریں بھی گردش کرتی رہیں کہ اس شدت پسند گروپ نے پالمیرا کے ان کھنڈرات کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے اور تقریباً تمام ہی مقامات پر بارود نصب کر دیا ہے۔

اس دوران سامنے آنے والے ویڈیوز میں آئی ایس نے دنیا بھر کو چوکنا کر دیا تھا۔ اگست میں سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں داعش نے بعل شامین نامی ایک انتہائی قدیم معبد کو تباہ کرتے ہوئے دکھایا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکے سے معبد کا زیادہ تر حصہ تباہ ہو گیا اور چاروں طرف موجود ستون بھی گر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی قدیم مقبروں کو بھی زمین بوس کر دیا گیا ہے۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ پالمیرا سے قیمتی نوادرات بھی چرا لیے گئے ہیں۔ اس دوران ایسی خبریں بھی گردش کر تی رہیں کہ آئی ایس نے شہر کے باہر شیر کے معروف مجسمے کو بھی گرا دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی نشریاتی اداروں نے خبر دی ہے کہ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کا نائب عبدالرحمن مصطفی القادولی ہلاک ہو گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق القادولی اسی ماہ شام میں کیے جانے والے ایک امریکی حملے میں ہلاک ہوا۔ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے بھی اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔