1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس سٹار سیمپراس کی قیمتی ٹرافیاں چوری

9 دسمبر 2010

ٹینس کھیل کے لیجنڈ امریکی کھلاڑی پیٹ سیمپراس نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے گھر سے نامعلوم چور بیش قیمت ٹرافیاں اٹھا کر لے گئے ہیں۔ اس ڈکیتی کی وجوہات سے خود سیمپراس بھی بے خبر ہیں۔

https://p.dw.com/p/QTn5
تصویر: AP

گزشتہ دنوں ماضی کے عالمی شہرت کے حامل ٹینس سٹار پیٹ سیمپراس گھر تبدیل کر رہے تھے۔ اس دوران گھر کے سامان کو باندھ کر ایک سٹوریج کے اندر رکھا گیا تھا۔ بعد میں جب سامان کو نکالا گیا تو سیمپراس حیران و ششدر رہ گئے کہ انتہائی محفوظ سٹور کے اندر سے دو صندوقوں کے تالے توڑ کر ڈکیت قیمتی ٹرافیاں اٹھا کر جا چکے تھے۔ چوری ہونے والی کئی ٹرافیوں میں خاص طور پر ایک آسٹریلیئن گرینڈ سلیم کی شیلڈ بھی شامل ہے۔

39 سالہ لیجنڈری کھلاڑی کے مطابق چوری کی یہ واردات گزشتہ ماہ کے دوران امریکی شہر لاس اینجلس کے مغربی حصے میں ہوئی تھی۔ سیمپراس کا اس ڈکیتی کے بعد کہنا تھا کہ ان قیمتی اور زندگی کا سرمایہ ٹرافیوں کا غائب ہونا ایسے ہی ہے کہ ان سے ان کی ٹینس زندگی کو چھین لیا جائے۔ سیمپراس نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ چور ان کے قیمتی سرمائے کو تباہ نہیں کریں گے۔ سیمپراس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کا یہ قیمتی اثاثہ ان کے بچوں کے لئے ایک یادگار تھا۔ سیمپراس نے اداس لہجے میں کہا کہ ان کے بچوں نے انہیں کھیلتے ہوئے نہیں دیکھا اور وہ یقینی طور پر بڑے ہو کر ان اعزازات کو دیکھ کر خوش ہوتے۔

Pete Sampras
پیٹ سیمپراس: فائل فوٹوتصویر: AP

14 گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں سے ایک آسٹریلیئن اوپن کی شیلڈ بھی دیگر ٹرافیوں کے ساتھ چور لے جانے میں کامیاب رہے ہیں۔ عظیم امریکی کھلاڑی نے یہ ٹرافی سن 1994 میں جیتی تھی۔ بقیہ 13 گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس کی شیلڈز دوسرے مقام پر تھیں اور وہ چوری سے بچ گئی ہیں۔

سیمپراس نے ٹینس کھیل کو سن 2002 میں خیرباد کہا تھا۔ کل 64 اہم ٹورنامنٹ میں وہ کامیاب ہوئے تھے۔ وہ اپنے دور میں عالمی نمبر 1 کے درجے پر ریکارڈ 286 ہفتے تک فائز رہے۔ ان کو ٹینس کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

پولیس کو ابتدائی تحقیقات کے بعد کچھ سراغ ملا تو ہے لیکن وہ حتمی نہیں ہے۔ سیمپراس نے پولیس پر واضح کیا ہے کہ ان کو کسی پر شبہ نہیں ہے۔

پیٹ سیمپراس نے سن 2000 میں امریکی ماڈل اور گلوکارہ بریجیٹ ولسن سے شادی کی تھی۔ ان کے دو بیٹے ہیں۔ سیمپراس کو ابتدائی نوعیت کا تھیلیسیمیا بھی ہے۔ اس باعث وہ گاہے گاہے خون کی ہلکی کمی میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ سیمپراس نے اپنے ٹینس کیریئر میں 43 کروڑ امریکی ڈالر کمائے تھے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں