1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کی خواتین کی آسٹریلیا پر فتح

امجد علی3 اپریل 2016

ہیلائی میتھیوز اور کپتان اسٹیفانی ٹیلر کی طاقت ور نصف سینچریوں کی بدولت ویسٹ انڈیز کی خواتین کی ٹیم نے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔ کولکتہ میں کھیلے گئے فائنل میں انہوں نے آسٹریلیا کی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔

https://p.dw.com/p/1IOjy
Indien Cricket Frauen jubeln nach Sieg von T20 World Cup
ویسٹ انڈیز کی خواتین کی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی کے ساتھ بھرپور خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: Getty Images/AFP/R. Pierse

اتوار تین اپریل کو کھیلے جانے والے اس فائنل میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 149 رنز کا ہدف ملا تھا جب کہ میتھیوز (66 رنز) اور ٹیلر (59 رنز) کی اوپننگ جوڑی ہی بغیر کسی نقصان کے اپنی ٹیم کے اسکور کو ایک سو بیس رنز تک لے گئی۔ بالآخر مقررہ بیس اوورز میں سے آخری تین گیندیں ابھی رہتی تھیں کہ ویسٹ انڈیز نے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیل جانے والا یہ سنسنی خیز فائنل آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔

آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے نویں میچ میں یہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی پہلی جیت بھی تھی۔ اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی خواتین کی ٹیم تین مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکی تھی۔

ویسٹ انڈیزکی وکٹ کیپر میریسا اگیلیرا نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے باتیں کرتے ہوئے کہا:’’جو کچھ مَیں اس وقت محسوس کر رہی ہوں، اُسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ہمارے لیے اور خصوصاً کیریبیئن کے عوام کے لیے اس جیت کی بہت اہمیت ہے۔‘‘

میتھیوز کو میچ کی بہترین کھلاڑی کے اعزاز کا حقدار قرار دیا گیا۔ میتھیوز اور ٹیلر دونوں شروع ہی سے عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پُر عزم نظر آ رہی تھیں۔ چھٹے اوور میں سولہ رنز بنے، جن میں میتھیوز کی جانب سے لگایا جانے والا ایک شان دار چھکا بھی شامل تھا۔ میتھیوز نے پینتالیس گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے چھیاسٹھ رنز اسکور کیے۔

میتھیوز کو سولہویں اوور میں آسٹریلیا کی لَیگ اسپنر کرسٹین بیمز نے کیچ آؤٹ کیا جب کہ مزید اٹھارہ گیندوں کے بعد ٹیلر بھی آؤٹ ہو گئیں لیکن ان دونوں کا آؤٹ ہونا ویسٹ انڈیز کی فتح میں کوئی رکاوٹ ثابت نہ ہوا۔

جیسے ہی ویسٹ انڈیز کی برٹنی کُوپر نے فیصلہ کُن ہِٹ لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کیا، کیریبیئن ٹیم کے اسٹینڈ میں اس ٹیم کی تاریخ میں ایک نئے باب کے آغاز کا جشن منایا جانے لگا۔ ویسٹ انڈیز کی کھلاڑی خواتین اپنی مردوں کی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ جیت کی خوشی مناتے ہوئے رقص کر رہی تھیں۔

Indien Cricket Frauen jubeln nach Sieg von T20 World Cup
جیسے ہی فیصلہ کُن ہِٹ لگی اور ویسٹ انڈیز کو فتح نصیب ہوئی تو کیریبیئن ٹیم کے اسٹینڈ میں اس ٹیم کی تاریخ میں ایک نئے باب کے آغاز کا جشن منایا جانے لگاتصویر: Getty Images/AFP/I. Mukherjee

مرد کھلاڑی اتوار ہی کو کھیلے جانے والے فائنل میں انگلینڈ کے مد مقابل ہیں۔ اگر وہ بھی اس فائنل میں کامیاب رہے تو یہ ویسٹ انڈیز کے لیے کامیابیوں کی ایک ہَیٹ ٹرک ہو گی کیوں کہ ابھی فروری میں اُنیس سال سے کم عمر کھلاڑیوں کی ٹیم نے بھی نو عمروں کا ورلڈ کپ جیت لیا تھا۔

اتوار کو آسٹریلیا کی خواتین کی ٹیم نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اڑتالیس رنز بنائے تھے۔ اگرچہ اوپنر الیسا ہیلی جلد ہی آؤٹ ہو گئیں لیکن لیننگ (52 رنز) اور وِلینی (52 رنز) کی دوسری وکٹ کی پارٹنر شپ نے ایک مناسب اسکور کی بنیاد رکھ دی۔ وِلینی نے سینتیس گیندیں کھیلیں اور نو چوکے لگائے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید