1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹور ڈی فرانس : گیارہ منزلیں مکمل

رپورٹ :عابد حسین ، ادارت: ندیم گِل16 جولائی 2009

سائیکلنگ کی دنیا میں ٹور ڈی فرانس ایک معتبر نام ہے۔ اِس کو سائیکلنگ کی غیر سرکاری عالمی چیمپئن شپ بھی تصور کیا جاتا ہے۔ ٹور ڈی فرانس میں شمولیت سائیکل سواروں کا خواب سمجھا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/IqYe
ٹور ڈی فرانس کی گیارہویں سٹیج کے فاتح : مارک کیونڈِشتصویر: AP

غیر معمُولی اہمیت کی حامل سائیکل ریس ٹور ڈی فرانس کی نصف سے زائد منزلیں مکمل ہوگئی ہیں۔ گیارہویں اسٹیج کے فاتح برطانوی سائیکل سوار مارکیونڈش تھے۔ اُنہوں نے اِس کامیابی کے بعد اپنے ہم وطن بیری ہوبان کا ٹور ڈی فرانس میں آٹھ اسٹیجز جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔ کیونڈش نے گزشتہ سال بھی چار مختلف منزلوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

Tour de France 2009 Logo
ٹور ڈی فرانس : سال رواں کی چیمپئن شپ کا لوگو

ٹور ڈی فرانس میں سب سے آگے اٹلی کی سائیکل سوار رینالڈو نوسین ٹینی ہیں۔ وہ مجموعی سبقت حاصل کرنے کے بعد زرد جرسی کے حامل ہیں۔ اُن کے قریب ترین حریف ہسپانوی سائیکل سوار البرٹو کونٹاڈور ہیں جو اُن سے چھ سیکنڈ کی دوری پر ہیں جبکہ سات بار کے چیمپئن لانس آرمسٹرانگ کو اوور آل پوزیشن میں تیسرا مقام حاصل ہے۔ ٹور ڈی فرانس کے شروع ہونے سے قبل ہسپانوی سائیکل سوار البرٹو کونٹا ڈور کو فیورٹ قرار دیا گیا تھا۔ ابھی دس مزید منزلیں باقی ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ چھ سیکنڈ کی سبقت ختم کر کے پہلی پوزیشن پر آ جائیں۔

گیارہویں اسٹیج پر سائیکل سواروں کو کُل ایک سو بانوے کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا۔ اِس دوران کئی سائیکل سواروں کو حادثوں کا سامنا کرنا پڑا جن میں بیلجئم اور پولینڈ کے سائیکل سوار بھی شامل ہیں۔ گیارہویں اسٹیج کے فاتح برطانوی سائیکل سوار مارک کیونڈِش نے مقررہ فاصلہ چار گھنٹوں اور سترہ منٹ میں مکمل کیا۔

tour de france 2009 4. etappe Team Astana
ٹور ڈی فرانس میں شریک سائیکل سوارتصویر: AP

جمعرات کو بارہویں اسٹیج میں سائیکل سواروں کو اونچی نیچی پہاڑیوں کی مشکل ریس کا سامنا ہے۔ ٹور ڈی فرانس کے شرکاء کودو سو گیارہ کلو میٹر سے زائد کا فاصلہ طے کرناہو گا۔ فاصلے کے اعتبار سے یہ طویل ترین اسٹیج ہے۔ اِس ریس سے قبل اصل میں ساتویں، آٹھویں اور نویں منزلیں صحیح معنوں میں اونچے پہاڑوں وا لی اسٹیجز تھیں۔ ٹور ڈی فرانس میں کلُ سات پہاڑی اسٹیجز ہیں جبکہ دس میدانی ہیں۔ ابھی تین پہاڑی اسٹیجز باقی ہیں۔ یہی اِس ریس کی مشکل ترین اسٹیجز خیال کی جاتی ہیں۔ بیسویں اسٹیج بھی بلند و بالا پہاڑوں کے بیچوں بیچ ہے۔ ایک سو سڑسٹھ کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد سائیکل سواروں کو یہ اطمینان ہو گا کہ اگلی منزل آخری اور اُتران پر ہے جو پیرس کے قلب میں جا کر ختم ہو گی۔

ٹور ڈی فرانس چار جولائی سے مناکو سےشروع ہو ئی تھی۔ اِس کا اختتام چھبیس جولائی کو پیرس میں ہو گا۔ کُل ایک سو اسی سائیکل سوار بیس ٹیموں میں شامل ہو کر حصہ لے رہے ہیں۔ اِن سب کو ساڑھے تین ہزار کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا ہے۔ اب تک ایک آرام کا دِن آ چکا ہے۔ اب بیس تاریخ کو دوسرا اور آخری ریسٹ ڈے ہے۔ سائیکلنگ کی دنیا میں ٹور ڈی فرانس کو غیر اعلانیہ عالمی چیمپئن شپ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ اگلے سال ٹور ڈی فرانس کا آغاز ہالینڈ کے شہر راٹر ڈم سے کیا جائے گا۔ امسالہ ریس بھی فرانس کے علاوہ ہسپانوی علاقوں سے گزرتی ہوئی فرانس کے دارالحکومت پر ختم ہو گی۔