1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرین حادثہ، مصر کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ مستعفی

27 فروری 2019

مصری دارالحکومت قاہرہ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹرین حادثے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس حادثے کے بعد ملکی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3ECo1
Ägypten, Kairo: Tote und Verletzte nach Brand am Bahnhof
تصویر: Reuters/A. Dalsh

مصری دارالحکومت قاہرہ کے ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹرین کے حادثے کے بعد وہاں آگ لگنے کے سبب کم از کم 25 افراد ہلاک جبکہ 40 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک عینی شاہد کے مطابق قاہرہ کے وسط میں واقع رامسیس اسٹیشن پر ایک دھماکا ہوا،جس کے بعد ایک ٹرین پلیٹ فارم سے ٹکرائی۔

مصر کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق اس اسٹیشن پر پہنچنے والی ایک تیز رفتار ٹرین پلیٹ فارم سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں اس کا فیول ٹینک دھماکے سے پھٹ گیا اور وہاں آگ لگ گئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مصری کابینہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حادثے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ملکی وزیر برائے ٹرانسپورٹ ہشام عرفات نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ کابینہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مصری وزیر اعظم مصطفیٰ مدبولی نے قبول بھی کر لیا ہے۔

Ägypten, Kairo: Tote und Verletzte nach Brand an Bahnhof
اس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 47 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔تصویر: Reuters/A. Dalsh

مصری ریلوے حکام کے مطابق ایک سنگل ریل کار بہت زیادہ تیز رفتار کے ساتھ اسٹیشن پر پہنچی اور وہاں ایک رکاوٹ کے ساتھ ٹکرا گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 47 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق دھماکے اور پھر اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کی لپیٹ میں پلیٹ فارم پر موجود لوگ براہ راست آئے۔ جس وقت یہ حادثہ ہوا اس وقت پلیٹ فارم پر مسافروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مصری حکام کے مطابق فی الحال اس واقعے کے بارے میں یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ آیا اس کا سبب دہشت گردی ہے یا نہیں۔

ا ب ا / ع ا (اے ایف پی، اے پی)