1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کی میرکل کو کال، تعاون کی یقین دہانی

William Yang/ بینش جاوید DPA
4 جولائی 2017

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ’تفصیلی بات چیت‘ کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ بات چیت جرمنی میں ہونے والی جی ٹونٹی سمٹ کے تناظر میں ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2fs7O
G7-Gipfel - Trump und Merkel
تصویر: Reuters/T. Gentile

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے درمیان اختلاف رائے کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق، ’’صدر نے کہا کہ وہ سمٹ کو کامیاب بنانے کے لیے چانسلر میرکل کی مدد کرنے کے خواہشمند ہیں۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’تفصیلی بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے ماحولیاتی معاملات، خواتین کو کاروبار کے لیے سرمایہ فراہم کرنے کے امکانات اور تجارت جیسے موضوعات پر غور کیا جن میں عالمی سطح پر فولاد کی پیداوار کی ضرورت  سے زیادہ پیداوار کا معاملہ بھی شامل ہے۔‘‘

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے درمیان تناؤ کے سبب جرمن شہر ہیمبرگ میں سات اور آٹھ جولائی کو ہونے والے جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کی کامیابی پر خطرات کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ دونوں رہنما متعدد مواقع پر ایک دوسرے سے اختلاف رائے کا اظہار کر چکے ہیں جن میں زمینی ماحولیاتی تبدیلیوں، دفاع اور تجارت جیسے معاملات شامل ہیں۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان جمعرات چھ جولائی کی شام ملاقات بھی طے ہے۔ یہ ملاقات جی ٹونٹی اجلاس کے آغاز سے قبل ہو گی۔ رواں برس جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ اور میرکل کے درمیان یہ تیسری بالمشافہ ملاقات ہو گی۔ مارچ میں واشنگٹن میں ہونے والی پہلی ملاقات بظاہر نا خوشگوار دکھائی دی تھی۔

USA Merkel und Trump suchen nach gemeinsamer Arbeitsebene
میرکل اور ٹرمپ کے درمیان رواں برس مارچ میں واشنگٹن میں ہونے والی پہلی ملاقات بظاہر نا خوشگوار دکھائی دی تھیتصویر: Reuters/J. Ernst

میرکل نے جی ٹونٹی سربراہی اجلاس سے وابستہ توقعات کے بارے میں زیادہ امیدیں نہیں دلائیں۔ پیر تین جولائی کو برلن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میرکل کا کہنا تھا، ’’ہمیں معلوم ہے کہ امریکی حکومت اور میں نے جو نقطہ نظر اپنایا ہوا ہے ان کو ان ہیمبرگ کے اس دو روزے دورے میں بالائے طاق رکھے جانے کی توقع نہیں ہے اور یہ کہ اس کا اچانک اظہار بیانات میں بھی ہو سکتا ہے۔‘‘

ٹرمپ اور پوٹن کے درمیان بھی ملاقات متوقع

جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان بھی ملاقات ہو گی۔ ملکی سطح پر صدر ٹرمپ کو روس کے ساتھ رابطوں کے الزامات کے تحت شدید تنقید کا سامنا ہے اور امریکی قانون ساز ٹرمپ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ روس کے خلاف سخت موقف اختیار کریں۔

اپنی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے متعدد مواقع پر پوٹن کی تعریف کی تھی اور انہیں طاقتور سربراہ قرار دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا تھا کہ صدر بننے کی صورت میں وہ ماسکو کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔ تاہم امریکی قانون سازوں کا کہنا ہے کہ روس پر عائد امریکی پابندیوں میں توسیع کی جانا چاہیے۔