1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کا دوسرا ایگزیکٹیو آرڈر، عدالت نے بے اثر کر دیا

عابد حسین
16 مارچ 2017

ریاست ہوائی کے ایک جج نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی فرمان پر عمل درآمد روک دیا ہے۔ امریکی صدر کے چھ مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیوں کے نئے ایگزیکٹیو آرڈر کو قانونی پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/2ZH2V
USA Gericht auf Hawaii stoppt Trumps Einreiseverbot
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Garcia

امریکی ریاست ہوائی کے ایک فیڈرل جج نے ملکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چھ مسلمان ملکوں کے شہریوں اور مہاجرین کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے ترمیم شدہ ایگزیکٹیو آرڈر پر بھی عمل درآمد کو روک دیا ہے۔ فیڈرل جج ڈیرک واٹسن نے امریکی حکومت کے ملکی سلامتی کے درپیش خطرے کے دعوے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اِس فرمان کو غیر منطقی قرار دیا۔ اس ایگزیکٹیو آرڈر کو کئی دوسری ریاستوں نے بھی عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔

صدارتی ایگزیکٹیو آرڈر پر عمل درآمد روکنے کے ابتدائی فیصلے میں جج نے کہا کہ اس پر عمل کرنے سے ریاست ہوائی کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہو سکتا ہے۔ جج کے مطابق نقصان کی وجہ ایگزیکٹیو آرڈر سے سیاحتی سرگرمیوں پر پڑنے والا منفی اثر ہے۔ منصب صدارت سنبھالنے کے بعد ٹرمپ کے ایسے ہی پہلے ایگزیکٹیو آرڈر کو امریکی وفاقی عدالتوں نے بے اثر کر دیا تھا۔

USA Staatsanwalt Bob Ferguson
امریکی ریاست واشنگٹن کے اٹارنی جنرل بوب فرگوسن صدر ٹرمپ کے نظرثانی شدہ ایگزیکٹو آرڈر کے بارے میں بیان دیتے ہوئےتصویر: picture alliance/AP Images/AP Photo/E.Thompson

ٹرمپ کے نئے ایگزیکٹیو آرڈر کے خلاف ریاست وسکانسن کی ایک عدالت پہلے ہی حکم امتناعی جاری کر چکی ہے۔ خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے تعلق رکھنے والے ایک مہاجر کی جانب سے دائر اپیل کو سماعت دس مارچ کو منظور کرتے ہوئے ریاست وسکانسن کی ایک وفاقی عدالت نے صدر ٹرمپ کے نئے ایگزیکٹیو آرڈر کے اطلاق کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔ امریکی ریاست وسکانسن کے وفاقی جج ولیم کونلی کا کہنا تھا کہ اگر اس مدعی پر ایگزیکٹیو آرڈر کا اطلاق کیا گیا، تو اسے ’ناقابل تلافی نقصان‘ پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

وسکانسن کے عدالتی فیصلے کے بعد ہوائی کے جج کا حکم صدر ٹرمپ کے ایگزیکٹیو آرڈر کے لیے شدید دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کے نئے ایگزیکٹیو آرڈر پر عمل درآمد سولہ مارچ سے کیا جانا تھا۔ سفری پابندیوں کے اس نئے حکم نامے میں سے عراق کو نکال دیا گیا ہے تاہم شام، ایران، لیبیا، صومالیہ، یمن اور سوڈان سے تعلق رکھنے والے افراد کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ریاست ہوائی کے فیڈرل جج ڈیرک کہالا واٹسن ہوائی کے مقامی باشندے ہیں اور اُنہیں سابق امریکی صدر باراک اوباما نے سن 2013 میں اس عہدے پر فائز کیا تھا۔ امریکی سینیٹ میں اُن کی توثیق کے لیے رائے شماری میں مخالفت میں کوئی ووٹ  نہیں ڈالا گیا تھا۔ جج واٹسن نے ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔