1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ ریاست واشنگٹن میں بھی بازی لے گئے

صائمہ حیدر25 مئی 2016

ریپبلکن جماعت کی جانب سے متوقع امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست واشنگٹن میں منگل 24 مئی کو ہونے والی پرائمری میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Iu8s
USA Eugene Donald Trump
واشنگٹن کی پرائمری میں کامیابی حاصل کرنا ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے اہمیت کا حامل تھا۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/T. S. Warren

دوسری طرف ڈیموکریٹک پارٹی کی ریاست واشنگٹن میں ہی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے ہونے والے داخلی انتخابات میں سابق وزیر خارجہ اور سابق خاتون اول ہلیری کلنٹن سر فہرست رہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق ان انتخابات کی حیثیت محض علامتی تھی کیونکہ یہ قریب طے ہو چکا ہے کہ ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدواران کون ہوں گے۔

سرکاری طور پر جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ٹرمپ نے 76 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ اگرچہ ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز اور اوہائیو کے گورنر جان کیسِک اب اس دوڑ سے باہر ہیں مگر اس کے باوجود ان دونوں کو دس، دس فیصد ووٹ پڑے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس ریاست میں پارٹی کے داخلی انتخابات میں بذریعہ ڈاک بھی ووٹ ڈالے جا سکتے ہیں اور ان دونوں امیدواروں کے نام بیلٹ پیپرز پر اس وقت درج تھے جب انہیں اس ماہ کے آغاز میں ارسال کیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو اس کامیابی کے بعد ریاست واشنگٹن میں موجود کُل 44 مندوبین میں سے جیت کے لیے ملنے والے ووٹوں کی شرح کے مطابق مندوبین کی حمایت ملے گی۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق یہ تعداد ان کو پہلے سے دستیاب 1,104 مندوبین میں جمع ہو گی۔

USA Hillary Clinton in Lexington Kentucky
ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے نامزدگی کی دوڑ میں ہیلری کلنٹن کو سبقت حاصل ہےتصویر: Reuters/A. P. Bernstein

ریاست انڈیانا میں تین مئی کو ہونے والی پرائمری میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ٹیڈ کروز اور جان کیسِک نے مقابلے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد یہ تقریباﹰ طے ہو گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہی ری پبلکن پارٹی کی طرف سے حتمی صدارتی امیدوار ہوں گے۔ لیکن چونکہ انہیں اب تک باقاعدہ طور پر صدارتی نامزدگی نہیں ملی اس لیے واشنگٹن کی پرائمری میں کامیابی حاصل کرنا ان کے لیے اہمیت کا حامل تھا۔

ٹرمپ کو حتمی نامزدگی کے لیے مجموعی طور پر 1,237 مندوبین کی حمایت درکار ہے جس کے لیے ان کے پاس سات جون تک کا وقت ہے کیونکہ اس دوران مزید چھ امریکی ریاستوں میں پارٹی کے داخلی انتخابات ہونا ہیں جن میں کیلیفورنیا، نیو جرسی، نیو میکسیکو، مونٹانا، شمالی ڈکوٹا اور جنوبی ڈکوٹا شامل ہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے ریاست واشنگٹن میں مارچ میں ہونے والے پارٹی کے داخلی انتخابات میں برنی سینڈرز نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم اس ریاست میں منگل کے روز دوبارہ ووٹنگ ہوئی جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے نامزدگی کی دوڑ میں سبقت رکھنے والی ہیلری کلنٹن کو 54 فیصد ووٹ ملے جبکہ ان کے حریف بیرنی سینڈرز کو 46 فیصد ووٹ مل سکے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید