1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وسطی قاہرہ میں دھماکا، انیس افراد ہلاک

5 اگست 2019

مصری دارالحکومت قاہرہ کے وسطی حصے میں کاروں کے حادثے کے بعد زور دار دھماکا ہوا۔ اس حادثے میں ڈیڑھ درجن سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔ ابھی تک واضح نہیں کہ آیا یہ دہشت گردانہ کارروائی تھی یا محض ایک حادثہ تھا۔

https://p.dw.com/p/3NLxX
Ägypten Kairo | Explosion nach Unfall vor Krebsforschungsinstitut
تصویر: Getty Images/AFP/A. Fahim

مصری دارالحکومت قاہرہ میں دھماکا اُس وقت ہوا جب ایک کار ٹریفک کے بہاؤ کے خلاف بڑھتے ہوئے تین دوسری کاروں سے ٹکرا گئی۔ کاروں کے ٹکڑانے کا واقعہ قاہرہ کے وسطی حصے کے مقام نیل کورنیش پر رونما ہوا۔ حادثے کے بعد کاروں میں آگ بھی لگ گئی۔

مصری حکام اس پہلو پر تفتیش کر رہے ہیں کہ نیل کورنش پر کار غلط  سمت میں کیوں جا رہی تھی۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں اور دروازوں کے شیشے ٹوٹ کر رہ گئے۔ اس دھماکے سے نیل کورنش پر واقع نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کے مرکزی دروازے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

Ägypten Kairo | Explosion nach Unfall vor Krebsforschungsinstitut
نیل کورنش پر حادثے کے بعد لوگ جمع ہیںتصویر: Getty Images/AFP/A. Fahim

وزارت داخلہ کے مطابق گاڑیوں کے ٹکرانے سے ہونے والی انیس ہلاکتوں کے علاوہ تیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ طبی حلقوں کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ زخمیوں کو ہنگامی طبی امداد دینے کا سلسلہ فوری طور پر شروع کر دیا گیا تھا۔

اس حادثے میں گاڑیوں میں لگنے والی آگ تیزی کے ساتھ پھیلنا شروع ہو گئی اور اس کی شدت کو دیکھتے ہوئے نیل کورنش پر واقع نیشنل کینسر انسٹیٹوٹ کو جزوی طور پر خالی کرا لیا گیا تھا۔ کم از کم چون مریضوں کو ایک دوسرے مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ تاہم انسٹیٹیوٹ کی عمارت کے ایک حصے تک آگ کے پہنچنے سے قبل ہی اِس پر قابو پا لیا گیا تھا۔

مصر کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ اس حادثے کی باضابطہ تفتیش کرائی جائے گی۔ تفتیشی حکام حادثے کے تمام پہلوؤں پر غور کرتے ہوئے رپورٹ مرتب کریں گے۔

ع ح، ش ح، روئٹرز