1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ فکسنگ سے پاک ہے، وقار یونس

2 مارچ 2011

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے زور دیا ہے کہ عالمی کپ کرکٹ کے دوران کھیلے گئے تمام میچز فکسنگ سے پاک ہیں، اس لیے سٹے یا جوئے بازی کی بحث کو ختم کر دینا چاہیے۔

https://p.dw.com/p/10SLe
وقار یونستصویر: AP

وقار یونس نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا، جب سری لنکا کے سرکاری ٹیلی وژن آئی ٹی این نے سری لنکا کے بلے بازوں مہیلا جے وردنے اور تھیلان سماراویرا کے پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں آؤٹ ہونے کو مشکوک قرار دیا۔ آئی ٹی این کے مطابق سری لنکا کے ایک امیر تاجر نے اٹھارہ ہزارڈالر کی شرط لگائی تھی کہ سری لنکا پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والا یہ میچ ہارے گا۔

دوسری طرف سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے اس الزام پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ جے وردنے نے کہا ہے کہ وہ ان الزامات کے لگائے جانے کے بعد آئی ٹی این کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Indien Sri Lanka Cricket Kricket Mahela Jayawardene
مہیلا جے وردنےتصویر: AP

اسی طرح آسٹریلیا اور زمبابوے کے مابین کھیلے گئے میچ کو بھی، آسٹریلیا کے اوپنرز شین واٹسن اور بریڈ ہیڈن کی طرف سے ابتدائی پندرہ اوورز کے دوران سست روی سے سکور بنانے کے عمل کو ، بین الاقوامی کرکٹ کونسل غور سے دیکھ رہی ہے۔

ان تمام قیاس آرائیوں کے باوجود وقار یونس نے زور دیا ہے کہ عالمی کپ کے میچ بالکل صاف اور شفاف طریقے سے کھیلے جا رہے ہیں،’ مجھے بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ اگر مجھ سے پوچھا جائے تو میں یہی کہوں گا کہ میرے خیال میں تمام میچ صاف ستھرے طریقے سے کھیلے جا رہے ہیں، بلکہ پورا ٹورنامنٹ ہی بغیر کسی فکسنگ کے جاری ہے۔‘

وقار یونس نے کہا کہ جو ٹیمیں اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہیں وہ اپنے میچز جیت رہی ہیں،’ کچھ لوگ ایسی باتیں اس لیے بھی کر ر ہے ہیں کیونکہ آج کل یہ موضوع گرم ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس تمام بحث میں پاکستان کا کوئی نام نہیں لے رہا۔‘

وقار یونس نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرے کرتے ہوئے تمام میچ جیتنے کی کوشش کرے گی۔ پاکستانی کوچ کے مطابق اگرچہ انہوں نے سری لنکا جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دی ہے تاہم ابھی مزید سخت میچ پڑے ہیں اور وہ مستقبل میں بھی کوئی کوتاہی نہیں برتیں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں