1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیا بیل آؤٹ پیکج: قرض دہندگان کے مذاکراتی نمائندے یونان میں

مقبول ملک27 جولائی 2015

یونان کو ہنگامی قرضے دینے والے اداروں کے طور پر یورپی یونین اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے تکنیکی ماہرین اعلٰی یونانی حکام کے ساتھ نئے بیل آؤٹ پیکج کی حتمی تفصیلات سے متعلق مذاکرات کے لیے ایتھنز پہنچ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1G5EO
تصویر: Getty Images/M. Cardy

نیوز ایجنسی اے ایف پی کی ایتھنز اور برسلز سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یورپی یونین کی طرف سے آج پیر ستائیس جولائی کے روز بتایا گیا کہ یونین اور آئی ایم ایف کے یہ مذاکراتی ماہرین آج ہی یونانی دارالحکومت پہنچے، جہاں اپنی آمد کے فوری بعد انہوں نے مالیاتی بحران کے شکار یونان کی حکومت کے ساتھ اپنی بات چیت شروع کر دی۔

اے ایف پی کے مطابق برسلز میں یورپی کمیشن کی خاتون ترجمان مینا آندریوا نے قبل از دوپہر ایک پریس کانفرنس میں کہا، ’’یونان کو قرض دینے والے اداروں کے نمائندے ایتھنز پہنچ چکے ہیں، اور انہوں نے فوری طور پر یونانی حکام کے ساتھ اپنی مکالمت بھی شروع کر دی ہے۔‘‘

دوسری طرف یونانی حکومت کے ذرائع سے ملنے والی رپورٹوں میں جو کچھ کہا گیا ہے، وہ اس امر کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ قرض دہندہ اداروں کو ایتھنز حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ابھی بھی کس طرح کی مشکلات کا سامنا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق، ’’قرض دہندہ اداروں کے تکنیکی ماہرین کی ٹیموں اور یونانی حکام کے ساتھ بات چیت کا آغاز کل منگل کے دن سے ہو گا، نہ کہ آج پیر سے۔‘‘ ان ماہرین کو کئی روز پہلے ہی مذاکرات کے لیے یونان پہنچنا تھا لیکن ان کی آمد کئی مختلف وجوہات کی بناء پر تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔

Infografik Arbeitslosenquote Englisch
یورو زون کے رکن ملکوں میں سے یونان میں بے روزگاری کی شرح سب سے زیادہ ہے

یورپی یونین کی ترجمان کے بقول قرض دہندہ اداروں کی مذاکراتی ٹیمیں یونانی پارلیمان کی طرف سے وسیع تر اصلاحات سے متعلق ان دو قانونی مسودوں کی منظوری کے بعد ایتھنز پہنچی ہیں، جن کا مطالبہ یورو زون نے کیا تھا۔ بارہ اور تیرہ جون کو طے پانے والے یونان کو ایک اور مالیاتی بیل آؤٹ پیکج فراہم کرنے سے متعلق اتفاق رائے کی اہم شرائط میں یہ اصلاحاتی پروگرام بھی شامل تھے۔

مینا آندریوا کے مطابق یونانی حکومت کے لیے مالیاتی امدادی پروگرام کے سلسلے میں ’ایک کے بعد دوسرے مرحلے کی صورت میں پیش رفت‘ کی سوچ پر عمل کیا جا رہا ہے۔

قرض دہندہ اداروں کی جو مذاکراتی ٹیمیں اس وقت ایتھنز میں ہیں، ان میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ یا آئی ایم ایف، یورپی کمیشن اور یورپی مرکزی بینک یا ای سی بی کے ماہرین کے علاوہ یوروز ون کے یورپی استحکامی طریقہ کار یا ای ایس ایم کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ یہ ماہرین یونانی حکومت کے ساتھ بات چیت میں اس نئے بیل آؤٹ پیکج کی حتمی تفصیلات طے کرنا چاہتے ہیں، جس کی مالیت 86 بلین یورو یا 94 بلین امریکی ڈالر کے برابر ہو گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید