1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نکولا سارکوزی کا دورہٴ امریکہ

11 جنوری 2011

فرانسیسی صدر نے امریکی دارالحکومت میں صدر اوباما سے ملاقات کے دوران ڈالر کی قدر کے استحکام پر خصوصی توجہ دی۔ ان کی میٹنگ میں عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کو بھی گفتگو کا حصہ بنایا گیا۔

https://p.dw.com/p/zw42
امریکی فرانسیسی صدور: فائل فوٹوتصویر: AP

پیر کے روز سارکوزی اوباما ملاقات میں گروپ ٹوئنٹی کی رواں سال فرانس کو منتقل ہونے والی صدارت کے بعد عالمی اقتصادی معاملات پو خاص نظر ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ اوباما پر فرانسیسی صدر نے واضح کیا کہ ان کی خواہش ہے کہ عالمی معیشت میں ڈالر نمبر ون کرنسی کے طور پر موجود رہے۔ دونوں لیڈروں کی بات چیت میں ڈالر اور یورو کے درمیان تقابلی جائزے کے ساتھ ساتھ تفریق پر بھی بات کی گئی۔ اس کا حوالہ اس لیے دیا گیا کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل عدم استحکام کے باعث چند ابھرتی اقتصادی طاقتوں نے متبادل کرنسی کے بارے میں کھل کر بات کرنا شروع کر دی ہے۔ سارکوزی نے امریکی صدر کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک بار پھر کہا کہ عالمی مالیاتی نظام کو اپ ڈیٹ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

Obamas Ankunft in Frankreich
اوباما اور سارکوزی اپنی بیویوں کے ہمراہتصویر: AP

اس ملاقات کے دوران عالمی کساد بازاری کے بعد بڑے مالیاتی اداروں پر کنٹرول رکھنے کے حوالے سے اصلاحاتی عمل بھی امریکی یورپی لیڈروں کی گفتگو کے ایجنڈے میں شامل تھا۔ یہ اصلاحاتی عمل صرف مختلف ملکوں تک ہی محدود نہیں بلکہ اس میں ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ جیسے بین الاقوامی ادارے بھی شامل ہیں۔ ان بڑے عالمی اداروں میں ابھرتی اقتصادی طاقتوں کو عالمی مالی معاملات پر فیصلہ کن اختیارات دینا بھی شامل ہے۔

فرانسیسی صدر کے دورے کے دوران جہاں دونوں صدور نے اپنی میٹنگ میں مصروف رہتے ہوئے ورکنگ لنچ کیا، وہیں دونوں فرسٹ لیڈیز نے اکٹھے ایک ظہرانے میں شرکت کی۔ فرانسیسی صدر کی اہلیہ کارلا برونی اور امریکی صدر کی بیوی مشیل اوباما نے وائٹ ہاؤس میں پرائیویٹ لنچ کیا۔

USA Frankreich Nicolas Sarkozy bei Barack Obama in Washington
امریکی فرانسیسی صدور ایک سابقہ پریس کانفرنس میںتصویر: AP

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی دس جنوری کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچے تھے۔ یہ دورہ اس لیے اہم ہے کہ اس سال کے دوران گروپ ٹوئنٹی کی سربراہی فرانس کو کرنا ہے اور اسی طرح آٹھ ترقی یافتہ ملکوں کی تنظیم گروپ ایٹ کی چیئرمین شپ بھی فرانس کو ملنے والی ہے۔ اس تناظر میں فرانسیسی صدر اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ ان دو تنظیموں کے حوالے سے فرانسیسی کردار اور عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات پر خاص طور پر بات چیت کرنے امریکہ گئے ہیں۔

فرانسیسی صدر اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کے بعد نیویارک میں علیل سعودی شاہ عبداللہ سے بھی ملیں گے۔ اس کے علاوہ نیو یارک میں قیام کے دوران لبنانی وزیر اعظم سعد الحریری کے ساتھ بھی ایک ملاقات طے ہے۔ شاہ عبداللہ اور سعد الحریری کے ساتھ بات چیت کے دوران مشرق وسطیٰ امن مذاکرات کو فوقیت دی جائے گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں