1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کی اہلیہ لندن میں انتقال کر گئیں

11 ستمبر 2018

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد لندن کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات سے ان کی طبیعت بہت زیادہ بگڑ گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/34fJp
Kulsoom Nawaz
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Khan

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے شہباز شریف کی طرف سے جاری ہونے والی ایک ٹوئیٹ میں کہا گیا ہے، ’’میری بھابھی اور میاں نواز شریف صاحب کی اہلیہ  بیگم کلثوم نواز اب ہم میں نہیں رہیں، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔‘‘

بیگم کلثوم نواز جون دو ہزار سترہ سے لندن کے ہیرلی اسٹریٹ ہسپتال میں داخل تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ انہیں گزشتہ رات ہی وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق ان کے پھیپھڑوں کا مسئلہ ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر گیا تھا۔ اگست دو ہزار سات میں ان کو گلے کے کینسر کی تشخیص کی گئی تھی۔

سابقہ خاتون اول سن انیس سو پچاس میں پیدا ہوئی تھیں اور انہوں نے سن انیس سو اکہتر میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے شادی کی تھی۔ بیگم کلثوم نواز کی بیٹی مریم نواز اور شوہر نواز شریف بدعنوانی کے الزامات کے تحت اس وقت جیل میں ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر پاکستان  کی تمام بڑی شخصیات کی طرف سے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے، ’’حکومت محترمہ کلثوم نواز کی فیملی اور لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی۔‘‘ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو مرحومہ کے لواحقین کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں۔