1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو: صحافی کی سربریدہ لاش برآمد

10 ستمبر 2020

میکسیکو کے ویراکروز صوبے میں ایک صحافی خولیو والدیویا کی سربریدہ اور مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی ہے، وہ گینگ وار والے ایک خطرناک علاقے سے رپورٹنگ کرتے تھے۔

https://p.dw.com/p/3iFy3
Mexiko Journalist Julio Valdivia Tezonapa
تصویر: Reuters/Diario El Mundo

صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم 'رپورٹرز ود آوٹ بارڈرز' کے مطابق خولیو والدیویا کی ہلاکت میکسیکو میں اس سال اب تک کم از کم پانچویں ہلاکت ہے۔

41 سالہ صحافی کی مسخ شدہ لاش موٹ زورونگو قصبے میں ایک ریلوے لائن پر ملی۔ ان کی موٹرسائیکل بھی قریب ہی پڑی ہوئی تھی۔

ویراکروز صوبے کے پولیس سربراہ اور سیکورٹی وزیر ہوگو گوٹیریز نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’بزدلانہ قتل‘ قرار دیا اور کہا کہ ’قصورواروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔“

والدیویا، ایل منڈو دے  ویراکروز نامی اخبار سے وابستہ تھے اور اوآخاکا صوبے کے قریب ایک دیہی علاقے سے کام کرتے تھے۔  یہ علاقہ ایک طویل عرصے سے جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان جنگ کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ اخبار نے بتایا کہ والدیویا نے ایک دن قبل ہی اس علاقے میں پولیس اور مشتبہ مجرموں کے درمیان تصادم کی رپورٹنگ کی تھی۔

Mexiko Journalist Julio Valdivia Tezonapa
تصویر: Reuters/Diario El Mundo

صحافیوں کے فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے کام کرنے والے سرکاری ریاستی کمیشن کی ایک اہلکار انا  لورا پیریز کا کہنا تھا،’’والدیویا جس علاقے میں کام کرتے تھے وہ انتہائی خطرناک علاقہ ہے اور وہاں جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان جنگ ہوتی رہتی ہے۔ اس بات کا پتہ لگایا جانا چاہیے کہ آیا انہوں نے کوئی ایسی خبر دی تھی جس سے جرائم پیشہ گروہ مشتعل ہو گئے تھے۔“

ویراکروز کو میکسیکو میں صحافیوں کے لیے ملک کا سب سے خطرناک ترین علاقہ سمجھا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ میکسیکو میں گزشتہ 20 برسوں کے دوران 140 سے زائد صحافی قتل کیے جا چکے ہیں۔ قتل کے ان واقعات میں سے بہت کم کیسز میں قصورواروں کو سزا مل پائی ہے۔

گزشتہ مارچ میں صحافی ماریا ایلینا فیرل کو موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے گولی مار کر اس وقت قتل کردیا جب وہ ویراکروز میں اپنی کار میں بیٹھ رہی تھیں۔

اگست میں میکسیکو کے ایک سرحدی شہر میں ایک فری لانس صحافی خوان نیلسیو ایسپینوزا پولیس کی تحویل میں ہلاک ہوگئے تھے۔ انہیں پیئدرس نیگرس شہر میں ایک گروہی تصادم کی رپورٹنگ کرنے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

صحافیوں کی ایک بین الاقوامی تنظیم کے مطابق میکسیکو صحافیوں کے لیے دنیا کے سب سے خطرناک ملکوں میں سے ایک ہے۔ سن 2019 میں دنیا میں بھر میں صحافیوں کی ہونے والی ہلاکتوں میں تقریباً نصف میکسیکو میں ہوئی تھیں۔

ج ا/ ص ز  (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے)

’بھارت کے زیر انتظام کشمیر ميں صحافت مشکل ترين کام ہے‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں