1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میونخ ائرپورٹ پر سکیورٹی ڈرامے کا سبب غلط الارم

25 جنوری 2010

گزشتہ ہفتے میونخ ایئرپورٹ پر چیکنگ کے دوران سکیورٹی الارم بجنے کے بعد کئی گھنٹوں تک ایئرپورٹ کے ایک ٹرمینل کو بند کر دینے کا واقع صرف ایک ٹیکنیکل خرابی اور غلط فہمی ثابت ہوا۔

https://p.dw.com/p/Lg3i
تصویر: cc-by-sa

جرمن سیکیورٹی حکام کی تحقیقات کے مطابق وہ مسافر بے ضرر تھا جس کے لیپ ٹاپ میں دھماکہ خیز مادے کی موجودگی کے شک میں گزشتہ ہفتے میونخ کے ائرپورٹ پرچیکینگ کے دوران الارم بجنا شروع ہو گیا۔

بدھ 20جنوری کی دوپہر کو جب جرمنی کے دوسرے سب سے بڑے ایئر پورٹ میونخ ‘ پر ایک پچاس سالہ مسافر کی سیکیورٹی چیکنگ شروع ہوئی تو ایکس رے اسکینر نے اُن کے لیپ ٹاپ میں دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کا اشارہ دیا۔ اس کے بعد مہلک کیمکل کا کھوج لگانے والی مشین نے بھی اس لیپ ٹاپ میں دھماکہ خیز مواد کی موجودگی ظاہر کرتے ہوئےسیکیورٹی الارم بجا دیا۔

Flughafen München nach Hinweis auf Sprengstoff abgeriegelt
اس واقعے کے باعث ٹرمینل کو 3 گھنٹوں کے لئے بند کردیا گیا، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔تصویر: dpa

تاہم مذکورہ مسافر سکیورٹی حکام کی نگاہوں سے اُجھل ہو گیا اور سیکیورٹی گارڈز اسے ڈھونڈنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ جس کی وجہ سے پورے ٹرمینل کو 3 گھنٹوں تک بند کرکے سیکیورٹی حکام نے گھیرے میں لئے رکھا۔ جس سے ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 25 دسمبر کو ایمسٹرڈیم سے ڈیٹرائٹ جانے والے طیارے کو دوران پرواز تباہ کرنے کی ناکام کوشش کے تناظر میں میونخ ایئرپورٹ پر پیش آنے والا یہ واقعہ دنیا بھر کے میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

تاہم تفصیلی تحقیق کے بعد حکام اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ مذکورہ مسافر کو غالباً معلوم نہ ہو سکا کہ اسے مزید چیکنگ کے لئے کہا گیا تھا اور یہ کہ اس کے لیپ ٹاپ نے سکیورٹی حکام میں یہ سنسنی پھیلائی ہے۔

Flughafen Sicherheit München
میونخ ایئرپورٹ پر پیش آنے والا یہ واقعہ جرمن سکیورٹی حکام کے لئے بڑی خجالت کا باعث بنا۔تصویر: AP

میونخ کی مقامی انتظامیہ کے مطابق کلوز سرکٹ کیمروں سے حاصل کردہ ویڈیو فُٹیج سے پتہ چلا کہ یہ مسافر اسکرینگ ایریا سے نکل کر ڈیوٹی فری شاپ کی طرف چلا گیا تھا۔ الارم بجنے کے باعث اس ٹرمینل میں موجود دیگر مسافروں سمیت اس 50 سالہ مسافر کو بھی ٹرمینل خالی کرنے کو کہا گیا تھا۔ تاہم چند گھنٹوں بعد سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد جب دوسرے مسافروں کو دوبارہ سکیورٹی چیکنگ سے گزرنا پڑا تو ان میں یہ مسافر بھی شامل تھا جو بغیر کسی پریشانی کے اسکرینگ سے گزر گیا تھا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے واضح کیا ہے کہ ایئر پورٹ پر اس طرح سے غلط سیکیورٹی الارم بج سکتا ہے کیونکہ یہ اسکینرز بسا اوقات ادویات اور پرفیومزکی وجہ سے بھی الارم بجا دیتے ہیں۔

غلطی سے سکیورٹی الارم بجنے کے سبب میونخ ائرپورٹ پر ایک بڑے ڈرامائی سین نے مسافروں اور ایئرپورٹ عملے میں غیر معمولی خوف و حراس پیدا کر دیا تھا۔ دوسری طرف یہ واقعہ جرمن سکیورٹی حکام کے لئے بھی بڑی خجالت کا باعث بنا۔ جرمنی کی وزارت داخلہ نے اس واقعہ کی تفصیلی چھان بین کروانے کا وعدہ کیا ہے۔

رپورٹ : کشور مُصطفیٰ

ادارت : افسر اعوان