1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرکل کا متبادل: خاتون سیاستدان جرمن سیاسی منظر پر

17 نومبر 2018

جرمنی میں ایک خاتون سیاستدان دان آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر کو انگیلا میرکل کا متبادل خیال کیا جا رہا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق وہ چانسلر میرکل کی سیاسی جماعت کی نئی لیڈر منتخب ہو سکتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/38Qzh
Angela Merkel und Annegret Kramp-Karrenbauer
تصویر: picture-alliance/dpa/K. Nietfeld

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی بطور چانسلر مدت سن 2021 میں ختم ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے رواں برس انتیس اکتوبر کو اپنی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) کی قیادت سے بھی دستبرداری کا اعلان کر دیا تھا۔ سی ڈی یو کے نئے سربراہ کے انتخاب کی کانفرنس رواں برس دسمبر میں منعقد ہو رہی ہے۔

سی ڈی یو کی اس پارٹی کانفرنس میں لیڈر شپ کا مقابلہ اس وقت تین افراد میں جاری ہے۔ ان میں ایک خاتون سیاستدان آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر (Annegret Kramp-Karrenbauer) ہیں۔ دیگر دو افراد میں سے ایک کاروباری شخصیت فریڈرش میرس اور دوسرے موجودہ وزیر صحت ژینس اشپان ہیں۔

رائے عامہ کے تازہ ترین جائزے کے مطابق کاروباری شخصیت فریڈرش میرس کی مقبولیت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر کی عوامی پذیرائی میں اضافہ ہوا ہے۔ خاتون سیاستدان اس وقت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی جنرل سیکرٹری ہیں۔ وہ اس منصب پر رواں برس چھبیس فروری کو پارٹی اراکین کی بھاری حمایت سے فائز کی گئی تھیں۔ اس سے قبل وہ وفاقی جرمن صوبے زارلینڈ کی وزیراعلیٰ تھیں۔

Bildkombo Annegret Kramp-Karrenbauer Jens Spahn Friedrich Merz
سی ڈی یو کی قیادت کا مقابلہ: آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر، فریڈرش میرس اور ژینس اشپان

جرمن براڈ کاسٹنگ ادارے اے آر ڈی کے مطابق سی ڈی یو کے چھیالیس فیصد حامیوں کی خواہش ہے کہ چانسلر میرکل کی جگہ پارٹی کی لیڈر ایک خاتون ہی بنیں اور وہ اس منصب پر آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ فریڈرش میرس کی مقبولیت کا اندازہ اس جائزے کے مطابق اکتیس فیصد ہے اور وزیر صحت ژینس اشپان کو بارہ فیصد عوامی تائید حاصل ہوئی ہے۔

آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر نو اگست سن 1962 کو پیدا ہوئی تھیں۔ وہ کیتھولک عقیدے کے حامل خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد ایک اسکول کے ہیڈ ماسٹر تھے۔ وہ زارلینڈ ریاست کے شہر فولکلنگن سے تعلق رکھتی ہیں۔ اُن کے شوہر کانکنی کے انجینیئر ہیں اور وہ تین لڑکوں کی والدہ ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں