1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ميکسيکو ميں ايندھن کی پائپ لائن ميں آتش زدگی، متعدد ہلاک

19 جنوری 2019

ميکسيکو ميں ايندھن کی چوری ايک بڑا مسئلہ ہے۔ حکومت نے اس مسئلے سے نمٹنے کے ليے ان دنوں ايک مہم جای کر رکھی ہے تاہم اسی دوران گزشہ شب پيش آنے والے ايک حادثے ميں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہيں۔

https://p.dw.com/p/3Bp79
Mexiko, Hidalgo, Gemeinde Tlahuelilpan: Flammen nach einer Gasexplosion
تصویر: Reuters/National Defence Secretary

ميکسيکو کے وسطی حصے ميں ايندھن کی ايک پائپ لائن کے اخراج پر لگنے والی آگ کے سبب کم از کم چھیاسٹھ افراد ہلاک اور چھئتر ديگر زخمی ہو گئے ہيں۔ عينی شاہدين کے مطابق سينکڑوں کی تعداد ميں مقامی افراد بالٹيوں ميں پائپ لائن سے ليکيج کے بعد نکلنے والا ايندھن جمع کر رہے تھے، جب ايک زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے بعد منظر عام پر آنے والی کی ايک ويڈيو ميں ديکھا جا سکتا ہے کہ لوگ مدد کے لیے چلا رہے ہيں۔ يہ واقعہ ميکسيکو سٹی سے تقريباً پينسٹھ ميل کے فاصلے پر واقع ہڈالگو رياست کے شہر ٹلاہوئيليپان ميں جمعے اور ہفتے کی درميانی شب پيش آيا۔

حادثہ ايک ايسے وقت پيش آيا ہے جب وفاقی حکومت کافی فعال انداز ميں ايندھن کی چوری کے خلاف آپريشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس بارے ميں ذرائع ابلاغ پر بھی مہم چلائی جا رہی ہے کيونکہ ميکسيکو کے ليے يہ ايک بڑا مسئلہ ہے۔ سن 2017 ميں ملکی معيشت کو ايندھن کی چوری کے سبب تين بلين ڈالر کا نقصان ہوا۔

ميکسيکو کے صدر آندريس لوپيز اوبراڈور نے ہفتے انيس جنوری کی صبح جائے وقوعہ کا دورہ کيا۔ قبل ازيں انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ پيغام ميں لکھا تھا کہ وہ اس واقعے پر افسردہ ہيں۔ صدر نے مقامی حکومت پر زور ديا ہے کہ متاثرين کی مدد کی جائے۔

حادثے کے بعد سرکاری آئل کمپنی ’پيميکس‘ کے فائر فائٹرز اور ايمبولينسيں زخميوں کو ہسپتال لے کر پہنچيں۔ خبر رساں ادارے اے ايف پی کے موقع پر موجود نمائندوں کے مطابق ہسپتالوں ميں بھی گنجائش سے زيادہ زخميوں کی آمد کے سبب انتظامی مسائل سامنے آئے۔ دريں اثناء سکيورٹی منسٹر ايلفونسو نے مطلع کيا ہے کہ آگ پر قابو پا ليا گيا ہے۔

يہ امر اہم ہے کہ ميکسيکو ميں ايندھن کی پائپ لائنوں ميں دھماکے ہوتے رہتے ہيں۔

ع س / ع آ، نيوز ايجنسياں