1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موٹر ریسنگ: ہنگری میں مارک ویبر فتح مند

2 اگست 2010

فارمولا ون کے لئے رواں سال کے دوران انیس مقابلے رکھے گئے تھے۔ گزشتہ روز یورپی ملک ہنگری کے دارالحکومت میں بارہویں گراں پری ریس میں آسٹریلیا کے ڈرائیور مارک ویبر کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/OZas
مارک ویبر: وکٹری سٹینڈ پرتصویر: AP

ہنگری گراں پری جیت کر ریڈ بُل ٹیم کے ڈرائیور مارک ویبر نے برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔ میکلارن گاڑی کے ڈرائیور ہملٹن ریس کے دوران گیئر بکس میں خرابی کی وجہ سے دست بردار ہو گئے تھے۔ اس کا مکمل فائدہ ویبر کو حاصل ہوا۔ ہملٹن پہلی پوزیشن پر جون میں براجمان ہوئے تھے۔ مارک ویبر کی یہ چوتھی کامیابی ہے۔

دوسری جانب جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل کو اب تک بارہ میں سے سات ریسوں کے دوران پول پوزیشن حاصل رہی یعنی وہ ایک روز پہلے کی ٹریننگ میں اول آنے کی بناء پر سب سے اگلی پوزیشن سے ریس شروع کرتے رہے لیکن ریس میں پھر بھی پہلی پوزیشنیں سمیٹنے میں ناکام رہے ہیں۔ صرف دو بار وہ اپنی پول پوزیشن کو قائم رکھنے میں کامیاب رہے۔ ہنگری گراں پری کے دوران تاریخ ساز ڈرائیور مشائل شوماخر کی جانب سے سنگین غلطی کی بناء پر ان کو اگلی ریس میں دسویں مقام پر رکھا گیا ہے۔ اسی ریس میں شوماخر کے ساتھی نیکو روزبرگ کی گاڑی کے ٹائر کا وہیل مناسب طور پر نہ کسنے پر مرسیڈیز ٹیم پر پچاس ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ہنگری گراں پری جیتنے کے بعد آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ان کے لئے ایک تحفہ تھی کیونکہ ویبر سمیت بہت سارے دوسرے ڈرائیوروں اور مبصرین کو یقین تھا کہ بوڈا پیسٹ کے سلو یا سست ریس ٹریک پر جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل کامیاب ہو جائیں گے لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔ وہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو الانسو کو ہنگری گراں پری میں دوسرا مقام حاصل ہوا۔ الانسو جرمنی میں منعقدہ اِس سے پہلی ریس میں کامیاب ہوئے تھے۔

Formel 1 Teams in Bahrain Flash-Galerie
فارمولا ون موٹر ریسنگ میں شریک گاڑیوں کا گروپ فوٹو: فائل فوٹوتصویر: AP

رواں سال کے لئے فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپیئن شپ میں کانٹے دار مقابلہ جاری ہے۔ مارک ویبر کے 161 پوائنٹس ہیں۔ ان کے قریب ترین حریف لوئیس ہملٹن 157 پوائنٹس پر ہیں۔ جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل 151 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہیں۔ دفاعی چیمپیئن جینسن بٹن کے پوائنٹس کی تعداد 147 ہے اور ہسپانوی فرنانڈو الانسو 141 کے ساتھ پانچویں مقام پر ہیں۔ اس طرح بقیہ سات ریسوں کے دوران کوئی بھی فاتح بن سکتا ہے۔ مجموعی کارکردگی میں سرِ فہرست پانچوں ڈرائیوروں کے درمیان پوائنٹس کا فرق زیادہ نہیں ہے۔ ایسی دلچسپ صورت حال گزشتہ کئی برسوں میں نہیں دیکھی گئی ہے۔

اگلی فارمولا ون گراں پری موٹر ریس بیلجیئم میں منعقد ہو گی۔ بیلجیئن گراں پری کے لئے تین دن مختص ہیں۔ ابتدائی پریکٹس 27 اگست کو ہوگی۔ اگلے دن یعنی 28 تاریخ کو پول پوزیشن کا مقابلہ ہو گا جبکہ ریس 29 اگست کو ہو گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں