1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی میں کیا چلے گا: خان کی فلم یا سینا کا غصہ

11 فروری 2010

شاہ رُخ خان کی فلم ’مائی نیم از خان‘ جمعہ کو ریلیز کی جا رہی ہے۔ تاہم ممبئی میں شدت پسند جماعت شیو سینا کی جانب سے اس کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ بدھ کو بھارت کے اس ثقافتی مرکز میں ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا

https://p.dw.com/p/LyUi
تصویر: AP

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ فلم کی اسکرینگ کو یقینی بنانے کے لئے مظاہروں میں ملوث 11 سو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سینئر پولیس آفیسر ہمانشو رائے کا کہنا ہے کہ ممبئی میں ’مائی نیم از خان‘ دکھانے والے 60 سے زائد سنیما گھروں پر 21 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

سیکیورٹی اقدامات کے تحت تھیٹرز میں داخلے سے قبل شائقین کو جامہ تلاشی کے مرحلے سے گزرنا ہو گا۔ ہمانشو رائے کا کہنا ہے کہ ‌ضرورت پڑنے پر مزید سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

اس اعلان کے باوجود بعض تھیٹر مالکان میں بے یقینی کی صورت حال برقرار ہے اور انہوں نے اس فلم کے لئے ایڈوانس بکنگ کا سلسلہ بند کر دیا ہے۔

Indische Schauspielerin Kajol
فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کاجول مرکزی کردار ادا کر رہی ہیںتصویر: AP

شیو سینا کے ارکان گزشتہ کئی دنوں سے ممبئی میں شاہ رُخ خان کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ وہ ’کنگ خان‘ کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز کی حمایت میں بیان دینے پر اپنا غصہ ظاہر رہے ہیں اور ان کی نئی فلم کی ریلیز میں رکاوٹ ڈالنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

شاہ رخ خان نے آئندہ ماہ ہونے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ انڈین پریمیم لیگ کے نئے ایڈیشن میں کسی پاکستانی کرکٹر کو نہ لئے جانے پر مایوسی ظاہر کی تھی۔ اس پر شیو سینا نے انہیں غدّار قرار دیا ہے۔

شاہ رُخ خان آئی پی ایل میں شامل ٹیم ’کولکتہ نائٹ رائڈرز‘ کے ملکیتی حقوق رکھتے ہیں۔ وہ ابھی تک اپنے بیان پر قائم ہیں۔ تاہم اس کے نتیجے میں فلم ’مائی نیم از خان‘ کو پہنچنے والے نقصان کے باعث انہوں نے اپنے معاونین سے معذرت طلب کی ہے۔ دوسری جانب شیو سینا بھی اپنا احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر چکی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید