1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی روان دواں مگرنئی دہلی میں ہلچل

30 نومبر 2008

بھارتی وزیر داخلہ شیو راج پاٹل کے بعد قومی سلامتی، مشیر ایم کے نارائنن بھی مستعفی ہو گئے ہیں۔ وزیر اعظم من موہن سنگھ نے شیو راج پاٹل کا استعفی قبول کر لیا ہے اور وزیر خزانہ چدمبرم کو داخلی امور کا وزیر بنا دیا گیا

https://p.dw.com/p/G6Mm
شیو راج پاٹل نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ ممبئی حملوں کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ اخلاقی ذمہ داری کے تحت کیا۔تصویر: AP

فی الوقت وزیر اعظم من موہن سنگھ وزیر خزانہ کی اضافی ذمہ داری بھی نبھائیں گے۔ اس سے قبل شیو راج پاٹل نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ ممبئی حملوں کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ اخلاقی ذمہ داری کے تحت کیا۔ ممبئی میں ہونے والے دھشت گردی کے واقعات میں تقریباً دو سو افراد ہلاک جبکہ تین سو زخمی ہوئے۔ جمعہ کے روز نیشل سیکیورٹی گارڈ کے سربراہ نے صحافیوں کو دئیے گئے ایک بیان میں آپریشن مکمل ہونے اور تمام دہشت گردوں کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ ان دھماکوں کے بعد بھارتی میڈیا مسلسل ان واقعات کو انتظامیہ اور خفیہ اداروں کی ناکامی سے تعبیر کر رہا تھا۔ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر طلب کیا گیا آل پارٹیز اجلاس وزیر اعظم من موہن سنگھ کی صدارت میں جاری ہے۔

قبل ازیں بھارت کے نائب وزیر داخلہ شکیل احمد نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ ممبئی حملوں میں ملوث تمام دہشت گرد پاکستانی تھے۔

مقامی زرائع ابلا غ کے مطابق نئی دہلی میں ہونے والی اس کانفرنس میں انسداد دہشتگردی اور سیکورٹی فورسز کو مضبوط کرنے سے متعلق متفقہ حکمت عملی طے کی جائے گی اس کے علاوہ بھارتی حکومت انسداد دہشت گردی کےلئے کسی بھی اقدام کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش بھی کرے گی۔