1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی حملوں پر پاکستان کے سوالات، بھارت نے جوابات دے دئے

13 مارچ 2009

بھارت نے ممبئی حملوں کی تحقیقات کے بارے میں پاکستان کے تیس سوالات کے جوابات پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کردئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/HBXJ
ممبئی حملوں میں ایک سو ستر سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa

نئی دہلی میں بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے وزیر خارجہ پرنب مکھرجی کو پاکستان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات کی تفصیلات مہیا کیں۔ جس کے بعد وزیرخارجہ پرنب مکھرجی نے جوابات کی دستاویز اسلام آباد کے حوالے کردیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارت کی جانب سے جوابات موصول ہونے کی تصدیق کردی۔

جوابی دستاویز چار سو ایک صفحات پر مشتمل ہے۔ نئی دلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ چدمبرم نے کہا کہ دستاویز کے ساتھ ممبئی دہشت گردوں کی سی ڈیز اور آوازوں کے ریکارڈز بھی موجود ہیں۔ علاوہ ازیں جوابی دستاویز میں عدالتی کارروائی و قانونی چارہ جوئی کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

بھارت کے وزیر داخلہ چدم برم نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسلام آباد ممبئی حملوں کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پوچھے گئے تیس سوالات کے مکمل جوابات معلوماتی دستاویزات میں موجود ہیں اور اب بھارت توقع کرتا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر قائم دہشت گردوں کے نیٹ ورک کاخاتمہ کر دے گا۔