1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی نظر بندی پر مقدمہ کروں گا:اعتزاز احسن

3 مارچ 2008

پاکستان سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور ان کی فیملی کو غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر حراست میں رکھے جانے پر مقامی پولیس افسران سے لے کر صدر مشرف تک کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/DYEO

چار ماہ تک اپنے گھر پر نظر بند رہنے والے پاکستان سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر اعتزاز احسن نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں اپنے گھر پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ افتخارمحمد چوہدری اور ان کے گھر والوں کی غیر قانونی حراست میں ملوث تمام ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہیے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ اسلام آباد جا کر مقامی پولیش اسٹیشن پر مقدمہ درج کروائےں گے ۔ انہوں نے کہا´´ متعلقہ ایس ایچ او، ایس پی ، ڈی ایس پی ، آئی جی ، چیف کمشنر اسلام آباد ، ہوم سیکرٹری ، وزیر داخلہ ، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، نگران وزیر اعظم میاں محمدسومرو، اور جنرل پرویز مشرف کے خلاف تعزیرات پاکستان کے تحت بحثیت صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن متعلقہ تھانے میں چیف جسٹس پاکستان ۔ ان کی بیگم ، ان کے بچوں کو چار ماہ سے زیادہ غیر آئینی ، غیر قانونی حراست میں رکھنے پر ایف آئی آر درج کرواﺅں گا``۔

اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ قابل دست اندازی پولیس ہے اور اس سلسلے میں بغیر کسی وارنٹ گرفتاری بھی عمل میںلائی جا سکتی ہے ۔ اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ پولیس اس مقدمے پر جلد ازجلد عمل بھی کرے ۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ لانگ مارچ ملتوی ہوئی ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ ہم احتجاج نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں سے اس بات کی توقع رکھتے ہیں کہ وہ عدلیہ کی بحالی کے لئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے کیونکہ آزاد پارلیمان کے وجود کے لئے آزاد عدلیہ بھی ناگزیر ہے ۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ عدلیہ کی بحالی کوئی مشکل کام نہیں بلکہ صرف وزیر داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس کی دو منٹ کی میٹنگ یا ایک ٹیلی فون کال پر یہ مسلہ حل کیا جا سکتا ہے ، تاہم اس سلسلے میں پارلیمانی طریقہ کار ہی بہترین رہے گا اور ہم انتظار کریں گے کہ کب پارلیمان اپنا صحیح فیصلہ سنائے گی ۔

اس پریس کانفرنس میں اعتزاز احسن کے ساتھ ، پاکستان سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری امین جاوید ، نائب صدر غلام نبی بھٹی ، اور اہم وکلاءراہنمایوں کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے بھی راہنما موجود تھے ۔ پریس کانفرنس کے بعد اعتزاز احسن نوڈیرو کے لئے روانہ ہوگئے ۔

سکھر ائر پورٹ پر وکلاءبراداری سمیت دیگر شہریوں نے اعتزاز احسن کا والہانہ استقبال کیا۔ منگل کے دن اعتزاز احسن پاکستان پیپلز پارٹی کی مقتول راہنما بے نظیر بھٹو کی قبر پر پہلی مرتبہ حاضری دیں گے ۔