1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مذہب خطرے میں پڑ گیا تھا، زائرہ وسیم

1 جولائی 2019

عامر خان کی فلم ’دنگل‘ سے شہرت پانے والی بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے فلمی صنعت سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کے بقول یہ کام انہیں ان کے مذہب سے دور کرنے کا باعث بنا۔

https://p.dw.com/p/3LOmE
Schauspielerin Zaira Wasim Khan
تصویر: IANS

بھارتی زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والی زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا پر ہیجان انگیز بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فلموں میں کام کرنے سے ان کی زندگی سے 'برکتیں‘ دور ہوتی جا رہی ہیں۔ اس بیان پر کچھ حلقے انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ کچھ ان کے اس فیصلے کو احترام کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔

  

اپنے انسٹا گرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اٹھارہ سالہ زائرہ نے لکھا کہ اگرچہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کے باعث شہرت ملی لیکن وہ اپنی ذاتی زندگی میں ایمان سے دور ہوتی جا رہی تھیں۔

سن دو ہزار سولہ میں فلم 'دنگل‘ میں زائرہ وسیم نے چائلڈ ایکٹر کا کردار ادا کیا تھا، جس پر انہیں کئی انعامات سے نوازا گیا تھا اور ان کی اداکاری کو سراہا بھی گیا تھا۔ اسی فلم سے انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی۔

بھارتی فلمی صنعت بالی ووڈ میں کئی ایسے بڑے نام ہیں، جو مسلمان ہیں۔ ان میں دلیپ کمار سے لے کر شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان اور سیف علی خان کے نام بھی شامل ہیں۔ تاہم بالی ووڈ میں مسلم خواتین ایکٹرز کی تعداد کچھ کم ہی ہے۔

زائرہ وسیم کے بالی ووڈ کو خیر باد کہنے کی وجوہات پر سوشل میڈیا پر ایک بحث جاری ہے۔ معروف بھارتی اداکارہ روینا ٹنڈن نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ فلم انڈسٹری چھوڑنا زائرہ کا انتخاب ہے لیکن انہیں کسی دوسرے کی عظمت کو کم کرنے کی کوشش نہیں کرنا چاہیے۔

جموں اور کشمیر کے پولیس آفیسر امتیاز حسین نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ زائرہ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن  انہیں اس معاملے میں 'مذہب اور عقیدے کو بیچ میں نہیں لانا چاہیے تھا‘۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں مزید کہا کہ کیا اس انڈسٹری میں کام کرنے والے دیگر افراد 'گناہ گار‘ ہیں؟

دوسری طرف کچھ حلقوں نے زائرہ کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ جموں اور کشمر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پیغام میں لکھا، '' یہ اُن (زائرہ وسیم) کی زندگی ہے، انہیں وہی کرنا چاہیے، جو انہیں پسند ہے۔‘‘

زائرہ وسیم کی آخری فلم 'دی سکائی از پنک‘ ہو گی، جو اکتوبر میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ اس فلم میں وہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔