1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد مُرسی عدالت میں انتقال کر گئے

17 جون 2019

مصر کے سابق صدر محمد مُرسی انتقال کر گئے ہیں۔ یہ بات مصر کے سرکاری ٹیلی وژن کی طرف سے بتائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3KbMM
Ägypten Mohammed Mursi
تصویر: picture-alliance/epa/K. Elfiqi

رپورٹ کے مطابق سابق مصری صدر کا انتقال عدالت میں اس وقت ہوا، جب وہ اپنے خلاف ایک مقدمے کی سماعت میں شریک تھے۔ وہ دوران سماعت غش کھا کر گر گئے اور اس کے تھوڑی دیر بعد ان کا انتقال ہو گیا۔ ان کے جسد خاکی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

محمد مُرسی مصر کے پہلے منتخب صدر تھے جو 2012ء میں ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں چار دہائیوں سے مصر پر حکمران حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے کے ایک برس بعد ہونے والے انتخابات میں منتخب ہوئے۔

سن 2013ء میں عوامی مظاہروں کے بعد موجودہ مصری صدر اور اُس وقت کے فوجی سربراہ عبدالفتاح السیسی نے اسلام پسند صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔

Ägypten Mohamed Mursi Kairo
محمد مرسی جج کے سامنے 20 منٹ سے جوابات دے رہے تھے جب اچانک ان پر غشی طاری ہوئی اور وہ بے ہوش ہو گئے۔ تصویر: picture-alliance/dpa/M. Hossam

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مصر کے عدالتی اور سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ محمد مُرسی کو عدالت میں بے ہوش ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا انتقال ہو گیا۔ ایک عدالتی ذریعے کے مطابق، ''وہ جج کے سامنے 20 منٹ سے جوابات دے رہے تھے جب اچانک ان پر غشی طاری ہوئی اور وہ بے ہوش ہو گئے۔ انہیں فی الفور ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا انتقال ہو گیا۔‘‘

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے سابق مصری صدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محمد مُرسی کو رجب طیب ایردوآن کے قریب سمجھا جاتا تھا۔

ا ب ا / ا ا (ڈی پے اے، اے ایف پی)