1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’متحد و مضبوط يورپ‘ نے بريگزٹ گائيڈ لائنز منظور کر لیں

عاصم سلیم
29 اپریل 2017

يورپی يونين کی رکن رياستوں کے رہنماؤں نے برطانيہ کے يورپی بلاک سے اخراج کو ممکن بنانے والے طويل مذاکراتی عمل کے ليے قواعد و ضوابط کی منظوری دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/2c7wb
Brüssel EU Gipfel Brexit Verhandlungen Tusk
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Meissner

یونین کی ستائيس رکن رياستوں کے سربراہان نے سفارت کاروں کی جانب سے آٹھ صفحات پر مشتمل ان قواعد و ضوابط کو آج بہ روز ہفتہ بيلجيم کے دارالحکومت برسلز ميں ہونے والی سمٹ ميں متفقہ طور پر منظور کر ليا۔ منظور شدہ گائيڈ لائنز کے مطابق اس سال جون ميں بريگزٹ مذاکرات کا آغاز ہو گا جن ميں فريقين اپنے اپنے مفادات کا خيال رکھتے ہوئے معاہدہ طے کريں گے اور بريگزٹ کو پايہ تکميل تک پہنچائيں گے۔

برطانوی وزير اعظم ٹيريزا مے نے انتيس مارچ کے روز برسلز کو ايک خط لکھتے ہوئے بريگزٹ کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر ديا تھا۔ برطانيہ ميں آٹھ جون کو عام انتخابات ہونے والے ہيں، جن کے بعد بريگزٹ کے ليے مذاکرات کا عمل شروع ہو جائے گا۔

برسلز ميں يورپی رہنماؤں نے اس عہد کا اظہار کيا کہ وہ اس پيچيدہ قانونی عمل ميں مذاکراتی ٹيم کی مکمل حمايت کرتے ہوئے اتحاد و يکجہتی کا مظاہرہ کريں گے۔ خبر رساں ادارے ايسوسی ايٹڈ پريس کی رپورٹوں کے مطابق اعلیٰ يورپی قيادت نے برطانوی وزير اعظم ٹيريزا مے کے مطالبات کا سختی سے جواب دينے کا عنديہ ديا ہے۔

گائيڈ لائنز ميں يہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ ماضی کے معاملات طے کيے بغير مستقبل کے کسی سمجھوتے يا ڈيل پر بات چيت نہيں ہو گی۔ يورپی يونين کو مذاکرات ميں يہ طے کرنا ہے کہ برطانيہ کو بلاک کی کتنی رقم ادا کرنی ہے۔ علاوہ ازيں برطانيہ اور آئرلينڈ کے بارڈر کا معاملہ بھی زير بحث آئے گا۔ بريگزٹ مذاکرات ميں ايک اور اہم معاملہ برطانيہ ميں رہائش پذير يورپی يونين کے شہريوں کے حقوق و قانونی حيثيت کا بھی ہے۔