1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
دہشت گردی

متاثرہ یہودیوں کی مدد کے لیے مسلمانوں کی چندہ مہم

29 اکتوبر 2018

امریکی شہر پٹس برگ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ہلاک ہو جانے والے گیارہ یہودیوں کے رشتہ داروں کی مدد کے لیے مسلمانوں نے چندہ مہم شروع کی ہے۔ اس کا مقصد دونوں مذاہب میں ’محبت کی فضا‘ پیدا کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/37Jh5
Washington USA Kriminalität l Trauer nach Schüssen an Synagoge in Pittsburgh
تصویر: Getty Images/AFP/A. Baballero-Reynolds

ہفتہ 20 اکتوبر کو امریکی ریاست پنسلوینیا کے شہر پٹس برگ کے ایک سیناگوگ یا یہودی عبادت گاہ کے قریب ہونے والے فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم گیارہ یہودی ہلاک ہو گئے تھے۔ اب امریکی مسلمان گروپوں نے اس واقعے کے متاثرہ یہودیوں کے لیے چندہ جمع کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ ہلاک ہونے والے یہودیوں کے رشتہ داروں کے لیے ابھی تک اسی ہزار ڈالر کی رقم جمع کر لی گئی ہے۔

کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعے رقم اکٹھی کرنے کے لیے اس مہم کا پہلا ہدف پچیس ہزار ڈالر جمع کرنا تھا، جو مہم کے آغاز کے چھ گھنٹوں کے اندر ہی مکمل ہو گیا تھا۔ اس کے بعد پچاس ہزار ڈالر جمع کرنے کا ہدف بھی ایک روز بعد ہی مکمل ہو گیا اور اب ایک لاکھ ڈالر کا ہدف رکھا گیا ہے۔

USA Kriminalität l Schüsse an Synagoge in Pittsburgh
تصویر: picture-alliance/AP/P. Panchak

اس مہم کا آغاز امریکا کی ’سلیبریٹ مرسی‘ اور ’ایم پاور چینج‘ نامی دو مسلم تنظیموں نے کیا تھا۔ ان دونوں گروپوں کی طرف سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے، ’’ہم اپنے مذہب کی تعلیمات کے مطابق برائی کا جواب اچھائی سے دینا چاہتے ہیں۔ ہم اس عمل سے شفقت کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔‘‘ اس بیان کے مطابق جمع ہونے والی مالی امداد زخمیوں کے علاج کے ساتھ ساتھ ہلاک ہونے والے یہودیوں کی تدفین کے لیے استعمال کی جائے گی۔

امریکا کی دو مسلم تنظیموں کی طرف سے جاری ہونے والے اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’اس مہم کے ذریعے ہمیں امید ہے کہ مسلم اور یہودی کمیونٹی کی طرف سے یہ مشترکہ پیغام جائے گا کہ امریکا میں نفرت اور تشدد کی گنجائش نہیں ہے۔‘‘

ان مسلمان گروپوں کی طرف سے امریکا میں آباد یہودی کمیونٹی کے لیے سلامتی کی خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

ا ا / ا ب ا (نیوز ایجنسیاں)