1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماؤ نواز باغیوں کا مبینہ حملہ، سولہ بھارتی کمانڈو ہلاک

1 مئی 2019

بھارتی ایلیٹ فورس کے کم از کم سولہ کمانڈو ایک حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریاست مہاراشٹر میں کیے گئے اس حملے کی ذمہ داری ماؤ نواز باغیوں پر ڈالی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/3HlPH
Indien Mumbai Maoisten brennen Autos privater Bauunternehmer nieder
تصویر: IANS

خبر رساں اداروں کے مطابق یہ تازہ بم حملہ ریاست مہاراشٹر کے ضلع گادچرولی کے جنگلات میں کیا گیا۔ ایک پولیس افسر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا، ’’ماؤ نواز باغیوں نے کمانڈوز کی ایک ٹیم کو نشانہ بنایا، یہ ٹیم ایک نجی گاڑی میں بیٹھ کر پہلے کیے گئے ایک حملے کی تحقیقات کے لیے جا رہی تھی۔ ‘‘پولیس کے بقول ابھی تک سولہ اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔

 اسے گادچرولی میں 2017ء کے بعد سے ماؤ نواز باغیوں کی جانب سے کیا جانے والا خونریز ترین حملہ کہا جا رہا ہے۔ اس سے قبل 2009ء میں اسی ضلع میں ماؤ باغیوں نے سترہ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا۔ یہ علاقہ ممبئی سے نو سو کلومیٹر مشرق کی جانب واقع ہے۔

Indien Maoisten
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M Quraishi

 گادچرولی کے پولیس افسر پرشانت دتے نے بتایا کہ اسی علاقے میں ابھی حال میں ہی تیس گاڑیوں کو آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا تھا اور یہ پولیس کمانڈو اسی کی تحقیقات کے لیے جا رہے تھے۔

بھارت کی کئی ریاستوں میں 1960ء کی دہائی سے پولیس اور ماؤ نواز باغیوں کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں کئی ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔ ماؤ باغیوں کو نکسیلائٹ بھی کہا جاتا ہے اور یہ مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، اڑیسہ، بہار اور جھاڑکھنڈ جیسی ریاستوں  میں کافی سرگرم ہیں۔ ان کا دعوی ہے کہ یہ مقامی باشندوں کے حقوق کے ساتھ ساتھ زمین ، قدرتی وسائل اور ملازمتوں کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

Junge Männer in Jungal Mahal Indien
تصویر: DW/A. Chatterjee

بھارت میں آج کل عام انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے اور یہ عمل انیس مئی تک جاری رہے گا۔ عام طور پر انتخابات کے دوران ماؤ باغیوں کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔ باغی اکثر انتخابی عمل کے بائیکاٹ کی کال دیتے ہیں۔

 گزشتہ ہفتے باغیوں نے ریاست چھتیس گڑھ میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی، جس کی زد میں آکر دو کانسٹیبل ہلاک جبکہ ایک دیہاتی زخمی ہو گیا تھا۔ اسی ریاست میں گزشتہ ماہ سڑک کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے چار افراد مارے گئے تھے۔