1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن ٹیوب حملہ، ’دہشت گردی کا واقعہ‘

عاطف بلوچ6 دسمبر 2015

برطانوی پولیس نے بتایا ہے کہ ٹیوب اسٹیشن پر ہوئے حملے کی ’دہشت گردی کی کارروائی‘ کے طور پر تحقیقات کر رہے ہیں۔ مشرقی لندن کے ایک انڈر گراؤنڈ ٹرین اسٹیشن پر چاقو سے حملہ کرنے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HI8t
Großbritannien: Messerangriff in Londoner U-Bahn
مشرقی لندن کے لیٹون سٹون اسٹیشن کو سیل کر دیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے برطانوی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کے دن مشرقی لندن کے ایک ٹیوب اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے دو معمولی جبکہ تیسرے کو گہرے زخم آئے ہیں تاہم اس کی حالت نازک نہیں ہے۔ پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

لندن پولیس نے بتایا ہے کہ وہ اس کارروائی کی تحقیقات میں ممکنہ طور پر دہشت گردی کو بھی ملحوظ رکھے ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مشرقی لندن کے لیٹون سٹون اسٹیشن کے ٹکٹ ہال میں چاقو سے مسلح ایک شخص نے اچانک وہاں موجود لوگوں پر حملہ کر دیا۔

اس کارروائی کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے، جو وہاں موجود ایک عینی شاہد نے بنائی ہے۔ اس ویڈیو میں ٹکٹ ہال میں خون بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں ایک عینی شاہد یہ چلاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، ’تم مسلمان نہیں ہو۔‘ اسی دوران پولیس اہلکار کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو زیر کر لیتے ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ حملہ آور نے یہ خونریز کارروائی کرتے ہوئے کہا، ’یہ شام کے لیے ہے۔‘

یہ امر اہم ہے کہ لندن میں تشدد کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں رونما ہوا ہے، جب برطانیہ نے بھی بین الاقوامی عسکری اتحاد کا حصہ بنتے ہوئے شام میں فعال انتہا پسند گروہ داعش کے خلاف فضائی حملوں کا آغاز کیا ہے۔

U-Bahn Streik London 05.02.2014
لندن میں انڈرگراؤنڈ ٹرین اسٹیشن کو ٹیوب اسٹیشن کہا جاتا ہےتصویر: Andrew Cowie/AFP/Getty Images

برطانیہ کے انسداد دہشت گردی کے ادارے CTC سے وابستہ اعلیٰ اہلکار رچرڈ والٹن نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ وہ اس کارروائی کو دہشت گردی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام پرسکون لیکن محتاط رہیں۔ انہوں نے لندن کے رہائشیوں سے کہا کہ اگر کسی مشکوک شخص یا واقعے کی ہنگامی ٹیلی فون نمبروں فوری طور پر رپورٹ کریں۔

لندن پولیس کے مطابق یہ حملہ ہفتہ پانچ دسمبر کو عالمی وقت کے مطابق سات بجکر چھ منٹ پر رونما ہوا جبکہ مشتبہ شخص کو سات بجکر چودہ منٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ حملہ آور تین افراد کو زخمی کرنے کے بعد دیگر افراد پر بھی حملہ کرنا چاہتا تھا۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سکیورٹی ادارے موجودہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔