1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہپرتگال

پرتگال میں چاقو سے حملہ: دو افراد ہلاک، افغان شہری گرفتار

28 مارچ 2023

پرتگالی دارالحکومت لزبن میں اسماعیلیوں کے ایک مر کز پر چاقو سے حملے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4PO1b
Messerattacke ismailitisches Zentrum Lissabon
تصویر: PEDRO NUNES/REUTERS

پرتگالی دارالحکومت لزبن میں منگل کے روز ایک اسماعیلی مرکز پر چاقوسے کیے گئے ایک حملے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے۔ سی این این پرتگال کے مطابق یہ حملہ مبینہ طور پر ایک افغان شہری نے کیا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ حملہ آور ایک بڑے خنجر سے مسلح تھا۔ پولیس کی کارروائی کے دوران گولی لگنے سے یہ حملہ آور زخمی ہو گیا اور پھر اسے حراست میں لے لیا گیا۔ خود پرتگالی پولیس کی طرف سے حملہ آور کی قومیت کی  تصدیق نہیں کی گئی۔

جرمن ٹرین میں حملہ: دہشت گردی کے محرکات نہیں

Messerattacke ismailitisches Zentrum Lissabon
حملہ آور زخمی ہو گیاتصویر: Leonardo Negrão/GlobalImagens/IMAGO

دریں اثناء پر تگال کے وزیر اعظم انٹونیو کوسٹا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس واقعے کی اب تک کی تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ''صرف ایک فرد واحد کی طرف سے کیا گیا حملہ‘ تھا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس مجرمانہ کارروائی پر مزید کوئی بھی تبصرہ قبل از وقت ہوگا۔

اسماعیلی شیعہ مسلمانوں ہی کی ایک اقلیتی برادری ہے، شیعہ مسلمانوں پر پاکستان جیسے مسلم ممالک میں شدت پسندوں کی طرف سے حملے بھی ہوتے رہتے ہیں۔

ادھر لزبن سے خبر رساں ادارے اے اپی کی اطلاعات کے مطابق اس اسماعیلی مرکز پر حملہ کرنے کے شبے میں پولیس نے ایک مبینہ ملزم کو گولی مار کر زخمی کر دیا، جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔

Messerattacke ismailitisches Zentrum Lissabon
لزبن میں قائم اسماعیلی مرکز تصویر: PATRICIA DE MELO MOREIRA/AFP/Getty Images

وزیر اعظم کوسٹا نے صحافیوں کو بتایا، ''ایک مجرمانہ فعل ہے جس میں آج منگل کے روز دو انسانی جانیں ضائع ہو گئیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''ہر چیز اسی بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا ایک الگ تھلگ واقعہ ہے۔‘‘

جرمنی میں چاقو بردار کے حملے میں ایک لڑکی ہلاک، ایک زخمی

پولیس نے پرتگالی وزیر اعظم کے بیانات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ بس یہی کہا گیا کہ مزید معلومات آج منگل ہی کے روز لیکن بعد میں مہیا کی جائیں گی۔

ک م / م م (روئٹرز، اے پی)