1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور میں میراتھن، سائیکلنگ اور انوکھے عالمی ریکارڈز

11 مارچ 2013

پنجاب انٹرنیشنل اسپورٹس اور یوتھ فیسٹول اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ لاہور میں گیارہ عالمی ریکارڈز قائم ہونے کے بعد میراتھن اور سائیکلنگ کے نئے چیمپئنز کا بھی فیصلہ ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/17uwy
تصویر: DW

لاہور میراتھن میں کامیابی نے مردان سے تعلق رکھنے والے ایک پیشہ ور ایتھلیٹ عدنان خان کے قدم چومے۔ پچیس سالہ عدنان نے سترہ کلومیٹر کا مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ ایک منٹ میں طے کیا۔ عدنان نے، جو ایک برس پہلے لاہور میراتھن میں انتیسویں نمبر پر رہے تھے، ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ ہار کے بعد ہی جیت ملتی ہے اور انہیں اس بار اپنی کامیابی کا یقین تھا۔ عدنان خان کے بقول انہیں سخت محنت کا صلہ مل گیا ہے ۔

Punjab Internatioanl Sports Festival
سائیکلنگ کے خواتین مقابلوں میں پاکستان کی قومی چیمپئین راحیلہ بانو نے ایک مرتبہ پھر اپنی برتری ثابت کی۔تصویر: DW

خواتین کی میراتھن میں قومی چیمپئین اور اولمپئین رابعہ عاشق نے میدان مارلیا۔ پنجاب اسپورٹس فیسیٹول میں سائیکلنگ کا ایونٹ دریائے روای کے پرانے پل پر شروع ہو کر وہیں اختتام پذیر ہوا، جس میں سینکڑوں سائیکل سواروں نے قسمت آزمائی کی مگر جیت گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں نعمان شوکت اور عمران شوکت کا مقدر ٹھہری، جنہوں نے 66 کلو میٹر کی ریس میں بالتریب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔ چیمپئین نعمان کا کہنا تھا کی ان کی کامیابی انتھک ٹریننگ کا نتیجہ ہے اور چھوٹے بھائی کے دوسرے نمبر پر آنےسے جیت کی خوشی دوبالا ہوگئی ہے۔

سائیکلنگ کے خواتین مقابلوں میں پاکستان کی قومی چیمپئین راحیلہ بانو نے ایک مرتبہ پھر اپنی برتری ثابت کی۔ راحیلہ نے بتایا کہ اس طرح کے ایونٹس کا ہر سال باقاعدگی سے انعقاد ہو تو پاکستانی ایتھلیٹس بھی ایتھلیٹکس میں اپنا کھویا ہوا وقار بحال کر سکتے ہیں۔

Punjab Internatioanl Sports Festival
خواتین کی میراتھن میں قومی چیمپئین اور اولمپئین رابعہ عاشق نے میدان مارلیاتصویر: DW

دوسری طرف پنجاب اسپورٹس فیسٹول میں اب تک گیارہ عالمی ریکاڑدز ٹوٹ چکے ہیں۔ ان میں شطرنج کی بساط بچھانے سے لےکر فٹبال میں ڈینیل گل اور قمر زمان کے تین سو چونتیس ہیڈر کے عالمی ریکارڈز قابل ذکر ہیں۔ اس فیسٹیول میں لاہور کے شیراز سرفراز نے بھی لیپ فراگ جِمپ میں حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تیس سیکنڈ میں چونتیس جمپ لگا کر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا۔ اٹلی کا ریکارڈ توڑنے کے بعد شیراز سرفراز نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ ان پر کچھ کرنے کا جنون تھا، ’’میں کرکٹر بننا چاہتا تھا مگر ایسا نہ ہوسکا مگر میں نے ہمت نہ ہاری اور ایتھلیٹکس میں مقام بنا لیا‘‘۔ شیراز کے مطابق اگر آپ کچھ کرنے کی ٹھان لیں تو دنیا میں کچھ ناممکن نہیں ہے۔

دریں اثنا ہفتے کے روز لاہور میں ایک عیسائی بستی کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے کے بعد پنجاب اسپورٹس فیسٹول کے منتظمین نے بھی پیر کو آرام کا دن قرا دیا تھا، جس کے بعد اب منگل اور بدھ کو مزید اٹھارہ کھیلوں میں عالمی ریکاڈز بنانے کے لیے میدان سجے گا۔ ایک منٹ میں سب سے زیادہ گیندوں کا سامنا کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے پاکستان کے مشہور کرکٹر رانا نوید الحسن کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ ریکارڈ انگلینڈ کے سابق کپتان اینڈریو فلنٹوف کا ہے جنہوں نے لندن میں ایک منٹ میں انیس گیندوں کا سامنا کیا تھا۔

دیگر کھیلوں میں ریسلنگ کے علاوہ علاوہ ہاکی اور بیڈمنٹن میں ایک منٹ میں زیادہ سے زیادہ پاس دینے اور ہاکی میں ہی تین منٹ میں ڈربلنگ کا عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے بھی پاکستانی ایتھلیٹ پر تول رہے ہیں۔ گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل بعض جرمن ریکارڈز بھی اب خطرے میں ہیں ۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد راشد ایک منٹ میں اپنے سر کی مدد دے سب سے زیادہ بوتلوں کے کیپ کھولنے کا ریکارڈ قائم کرنے لاہور پہنچ چکے ہیں۔ یہ ریکارڈ جرمنی کے احمد تفزی کا ہے، جنہوں نے نومبر دو ہزار گیارہ میں ہیمبرگ میں صرف ساٹھ سیکنڈ میں اپنے سر کے ذریعے چوبیس بوتلوں کے کیپ اتار پھینکے تھے۔

رپورٹ: طارق سعید، لاہور

ادارت: امتیاز احمد