1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ، پانچ عام شہری ہلاک

18 مارچ 2018

پاکستانی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں پانچ عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ متنازعہ خطے کشمیر میں ہونے والی اس جھڑپ کے نتیجے میں حکام کے مطابق دو دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2uXLY
Pakistan Kaschmir Grenze zu Indien
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پريس نے بھارتی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ پونچھ سیکٹر میں پاکستانی فوجیوں کی طرف سے داغا جانے والا ایک شیل ایک گھر پر جا گرا جس کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد مارے گئے۔

بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ سن 2003 میں طے پانے والے فائر بندی معاہدے کی پاکستانی فوجیوں کی طرف سے بلا اشتعال خلاف ورزی کے بعد بھارتی فوجی اس کا مناسب جواب دے رہے ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاکستان کی جانب سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آيا تاہم دونوں ہمسایہ ریاستیں اس متنازعہ خطے میں سرحد کے آر پار فائرنگ کی ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کرتی رہتی ہیں۔

کشمیر کا خطہ 1947ء میں تقسیم برصغیر کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازعہ علاقہ ہے۔ دونوں ممالک اس مسئلے پر اب تک دو جنگیں بھی لڑ چکے ہیں۔

دوسری طرف بھارتی زیر انتظام کشمیر میں 1990ء کی دہائی سے کشمیری بھارت سے علیحدگی کے لیے مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس دوران اب تک 70 ہزار سے زائد کشمیری مارے جا چکے ہیں۔ بھارت پاکستان پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ کشمیریوں کی مسلح جدوجہد میں ان کی مدد کر رہا ہے تاہم پاکستان اس طرح کے الزامات کو رد کرتا ہے۔

حالیہ چند ماہ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی باعث دونوں جانب اب تک درجنوں فوجی اور عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

Infografik umstrittene Gebiete in der Krisenregion Kaschmir Englisch
کشمیر کا خطہ 1947ء میں تقسیم برصغیر کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازعہ علاقہ ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتھا رامن کا دعویٰ ہے کہ رواں برس جنوری میں پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر 209 مرتبہ فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جبکہ فروری کے پہلے نصف حصے میں ایسی خلاف ورزیوں کی تعداد 142 تک پہنچ گئی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں