1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قندوز کے ہسپتال عملے سے محروم ہوتے ہوئے

عاصم سلیم
6 اکتوبر 2016

افغانستان کے شمالی شہر قندوز میں طالبان اور افغان سکیورٹی فورسز کے درمیان لڑائی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ اس دوران مقامی ہسپتالوں کے عملے کے افراد بھی اپنی جان بچانے کی فکر میں فرار ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2QwJv
Verletzte nach Luftangriff der Nato auf Tanklaster 2009
تصویر: picture-alliance/dpa

افغان شہر قندوز میں طالبان عسکریت پسندوں اور کابل حکومت کی فوجی دستوں کے درمیان لڑائی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور یہ عمل وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بظاہر حکومتی فوج کا دعویٰ ہے کہ شہر پوری طرح طالبان سے پاک کر دیا گیا ہے لیکن نیوز ایجنسی روئٹرز کو مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چار ایام سے شہر کی گلیوں میں وقفے وقفے سے لڑائی جاری ہے۔

قندوز پر حملے  اور لڑائی کی وجہ سے شہر کے ہسپتالوں سے بھی عملہ فرار ہونے لگا ہے۔ قندوز کے دو سو بستروں کے حامل سب سے بڑے ہسپتال کے ستر فیصد اہلکار اپنی جان بچانے کی فکر میں ڈیوٹی سے راہِ فرار اختیار کر چکے ہیں۔ اس صورت حال سے بیماروں اور زخمیوں کے علاج معالجے میں شدید مشکلات پیدا ہو چکی ہیں۔ اس ہسپتال پر  راکٹ داغے گئے تھے۔ اس کے علاوہ چھوٹے ہتھیاروں سے بھی فائرنگ کی گئی تھی۔

Afghanistan US-Luftangriff - Ärzte ohne Grenzen Krankenhaus in Kundus
قندوز کا جديد ترين ہسپتال گزشتہ برس امريکی فضائی حملے ميں تباہ ہو گيا تھاتصویر: Getty Images/AFP

اِس سرکاری ہسپتال کی ایک ڈاکٹر مرضیہ یفتال سلام نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ راکٹ حملوں اور فائرنگ سے عملے میں انتہائی زیادہ خوف و ہراس پیدا ہو چکا ہے اور عملے کے ارکان کا ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے سے بیماروں اور خاص طور پر لڑائی میں زخمی ہونے والوں کو علاج فراہم کرنے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ اس وقت قندوز میں یہ ہسپتال علاج فراہم کرنے کا واحد مرکز ہے۔ اِس سے قبل طبی امداد فراہم کرنے والے ادارے ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے ايک جدید ہسپتال کو گزشتہ برس کے امریکی حملے کے بعد سے بند کیا جا چکا ہے۔

ڈاکٹر سلام نے یہ بھی بتایا کہ حالیہ لڑائی کے دوران دو سو دس زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے اور ان زخمیوں میں کئی عام شہری ہیں۔ ڈاکٹر سلام کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کئی زخمیوں کو قندوز شہر کے قریبی علاقوں میں واقع طبی مراکز تک بھی پہنچایا گیا ہے کیونکہ شہر کے سرکاری ہسپتال میں مناسب طبی سہولتوں کے فقدان کے بارے میں عام لوگ آگہی رکھتے ہیں۔