1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا کی انگلینڈ اور میکسیکو سے معافی

29 جون 2010

فٹ بال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا کے صدر جوزف سیپ بلیٹر نے انگلینڈ اور میکسیکو سے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں ریفری کی جانب سے غلط فیصلوں پر معزرت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/O6ER
فیفا کے صدر جوزیف سیپ بلیٹر کو بھی ریفری کی جانب سے غلط فیصلوں پر افسوس ہےتصویر: AP

فٹ بال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا کے صدر جوزف بلیٹر نے انگلینڈ اورمیکسیکو سے عالمی کپ کے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں ریفری کی جانب سے غلط فیصلوں پرمعذرت کی ہے۔ انگلنیڈ اور جرمنی کے میچ میں بال گول کے اندر ہونے کے باوجود گول نہیں دیا گیا تھا جبکہ ارجنٹائن کا میکسیکو کے خلاف پہلا گول آف سائڈ پوزیشن سے کیا گیا تھا۔

فیفا کے صدر جوزف بلیٹرکے مطابق اس طرح کے غلط فیصلوں کے امکانات کو ختم کرنے کے لئے فٹ بال کی عالمی تنظیم گول لائن ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا سوچ رہی ہے اور اس سلسلے میں فیفا کے اگلے اجلاس میں بات چیت کی جائے گی۔ بلیٹر نے مزید کہا کہ غلط فیصلے کھیل کو متاثر کرتے ہیں اور ان پر افسوس بھی ہوتا ہے، تاہم اس وجہ سے مقابلے ختم نہیں کئے جاسکتے اور یہ کھیل ہی کا ایک حصہ ہے۔

NO FLASH Nicht gezähltes Tor England gegen Deutschland
انگلنیڈ اور جرمنی کے میچ میں بال گول کے اندر ہونے کے باوجود گول نہیں دیا گیا تھاتصویر: AP

فیفا کے سربراہ کے مطابق انہوں نے فوری طور پر انگلینڈ اور میکسیکو میں فٹ بال کی قومی تنظیموں سے رابطے کر کے جنوبی افریقہ میں جاری عالمی کپ کے دوران غلط فیصلوں پر معافی مانگی ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے تو شکریے کے ساتھ معافی قبول بھی کر لی گئی تاہم میکسیکو کی فٹ بال فیڈریشن نے ناک منہ چڑھا کر اسے تسلیم کیا ہے۔

فیفا کے صدر جوزف بلیٹر کے مطابق اس طرح کے مسائل کا واحد حل گول لائن ٹیکنالوجی ہے اور فیفا کی اگلی میٹنگ کا ایجنڈا بھی یہی ہو گا۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا میکسیکو اور ارجنٹائن کے میچ کی اگرمثال لی جائے تو ارجنٹائن کی طرف سے گول کرنے والے کھلاڑی کے آف سائڈ ہونے کا بروقت پتہ چلانے میں گول لائن ٹیکنالوجی بھی کوئی کردار ادا نہیں کر سکے گی۔ لیکن جرمنی اور انگلینڈ کے میچ میں اس کے ذریعے فوری طور پر فیصلہ کیا جا سکتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بارے میں بھی سوچنا ہو گا کہ کھلاڑیوں کی جانب سے ہر احتجاج کو فوری طور پر قبول نہ کیا جائے ورنہ کھیل کا دورانیہ طویل ہو جائے گا اور ہر فیصلے پر اعتراضات کا سلسلہ شروع ہو جائےگا۔

جوزف بلیٹر نے کہا کہ کسی بھی فٹ بال میچ پر بہتر کنٹرول کے لئے اب تک کئی اقدامات کئے جا چکے ہیں اور آئندہ بھی کئے جاتے رہیں گے۔ مزید یہ کہ وہ یہ تو نہیں بتا سکتے کہ کون سی تبدیلیاں متعارف کرائے جانے کا منصوبہ ہے تاہم وہ یہ بات یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ ’’فٹ بال میچوں میں آئندہ کچھ نہ کچھ ضرور بدلے گا۔‘‘

WM 2010 Weltmeisterschaft Argentinien gegen Mexiko
ارجنٹائن کا میکسیکو کے خلاف پہلا گول آف سائڈ پوزیشن سے کیا گیا تھاتصویر: AP

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا پر دباؤ ہے کہ وہ کرکٹ، رگبی اور ٹینس جیسے کھیلوں کی طرح ویڈیو ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے ریفری یا امپائرز کے غلط فیصلوں کو روکے۔ تاہم اس تنظیم کا کہنا ہے کہ اس سے کھیل پر منفی اثر پڑے گا اور میچ کے تسلسل میں رکاوٹیں پیدا ہوں گی۔

گزشتہ برس فرانس کے ایک کھلاڑی کی جانب سے ہینڈ بال کے ذریعے گول کرنے اور اب جنوبی افریقہ میں جاری فٹ بال کے عالمی کپ مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل میچوں میں اسی طرح کے مزید غلط فیصلوں کے بعد فیفا پر بالآخر ویڈیو ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے دباؤ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک