1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈکپ : دفاعی چیمپئن مشکل میں

20 جون 2010

فٹ بال کے عالمی مقابلوں میں دفاعی چیمپئن اٹلی، نیوزی لینڈ جیسی کمزور سمجھی جانے والی ٹیم سے نہ جیت سکا اور اب اسے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے کے لالے پڑگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Ny7A
تصویر: AP

گزشتہ روز کے دوسرے مقابلے میں کئی بارکےچیمپئن برازیل نے البتہ آئیوری کوسٹ کو با آسانی شکست دی۔

اطالوی ٹیم کی شکست

جنوبی افریقہ میں جاری 2010ء ورلڈ کپ کے دسویں روز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے اپنی فٹ بال تاریخ کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اٹلی کے ساتھ میچ ایک ایک گول سے برابر کرنے کو نیوزی لینڈ میں جیت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

Fußball WM 2010 Brasilien Elfenbeinküste
برازیل کے سٹرائیکر بلومیر ایلانوتصویر: AP

کھیل کے ساتویں منٹ میں نیوزی لینڈ نے شین سمیلٹز کے گول کی مدد سے برتری حاصل کی۔ اٹلی نے بھی پہلے ہی ہاف میں ونسیزو لاکوئینٹو کی جانب سے لگائی گئی پنلٹی کک پر حساب برابر کردیا۔ نیوزی لینڈ کی ڈی میں ان کے دفاعی کھلاڑی کے فاؤل کھیلنے پر اٹلی کو ایک متنازعہ پنلٹی ملی جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اس کے بعد پورے کھیل میں اطالوی کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن گول نہ کرسکے۔

اس طرح گروپ ایف میں دو میچ کھیلنے کے بعد بھی ان کے محض دو ہی پوائنٹس ہیں۔ نیوزی لینڈ اب اگر پیراگوائے سے میچ جیتنے میں کامیاب ہوجائے تو اگلے مرحلے تک کوالیفائی کرسکتا ہے۔

برازیل کی جیت

دسویں روز کے تیسرے میچ میں کئی بار کی چیمپئن ٹیم برازیل نے آئیوری کوسٹ کو قدرے یک طرفہ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں تین گول سے مات دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بنائی۔ برازیل کی جانب سے لوئیس فابیانو نے دو گول داغے جبکہ ٹیم کا تیسرا گول رالف ایلانو نے کیا۔ یہ میچ دیکھنے لگ بھگ پچاسی ہزار تماشائی سٹیڈیم میں موجود تھے۔

پہلے ہاف میں مقابلہ صفر کے مقابلے میں ایک گول سے برازیل کے حق میں تھا۔ یہ گول اگرچہ فابیانو نے کیا تاہم تمام میچ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے والے کاکا نے اس گول کو یقینی بنانے میں اہم کردار نبھایا۔

Neuseeland - Italien WM Weltmeisterschaft Fußball
نیوزی لینڈ کے شین سمیلٹزتصویر: AP

دوسرے ہاف میں فابیانو نے تنہا دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دے کر گول کر ڈالا تاہم اس میں انہوں نے دو بار گیند کو ہاتھ سے بھی سنبھالاجوامپائر کی نظروں سے چوک گیا۔

دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد آئیوری کوسٹ کے دروگبا نے کھیل ختم ہونے سے گیارہ منٹ پہلے اپنی ٹیم کا پہلا گول کیا۔ اس کے تھوڑی دیر بعد ہی روبنہو نے برازیل کا تیسرا گول کرکے جیت کو یقینی کردیا۔

پیر کو کھیلے جانے والے میچوں میں پرتگال کا مقابلہ شمالی کوریا سے ہوگا، چلی کا سوئٹزرلینڈ سے جبکہ سپین اور ہونڈوراس مد مقابل ہوں گے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادرارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں