1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: بائر لیور کوزن کی ٹیم جرمن کپ کے فائنل میں

22 اپریل 2009

فٹ بال کاجرمن کپ قومی جرمن چیمپئن کے اعزاز کے بعد جرمنی میں فٹ بال کا دوسرا اہم ترین اعزاز ہے۔

https://p.dw.com/p/HbfY
ڈسلڈورف کے LTU اسٹیڈیم میں گیند پر گرفت حاصل کرنے کے لئے کھلاڑی ایک دوسرے پر جھپٹتے ہوئےتصویر: picture-alliance/ dpa

منگل کو ڈسلڈورف شہر میں پینتیس ہزار شائقین کی موجودگی میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میچ میں بائر لیور کُوزن کی ٹیم نے اضافی وقت میں تین گول کرتے ہوئے مائنز کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔ اِس طرح سن 1993ء میں یہ کپ جیتنے والی بائر لیور کُوزَن کی ٹیم تیسری مرتبہ اِس کپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے اور سولہ برسوں کے بعد ایک بار پھر جرمن کپ حاصل کرنے کی اُمید کر رہی ہے۔

اِس سے پہلے لیورکوزن کے کھلاڑی آنگیلوس ہارِسٹیاس نے بیاسی ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی تھی لیکن مائنز کے کھلاڑی ارسٹیڈ بانکے نے چند ہی منٹ بعد گیند کو سر سے گول میں پھینک کر مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ تاہم اضافی وقت میں لیورکوزن کے کھلاڑیوں وِدال، رولفیس اور کاڈلیچ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچا دیا۔

فائنل میچ تیس مئی کو جرمن دارالحکومت برلن میں کھیلا جائے گا، جہاں بائر لیور کُوزن کا مقابلہ ہیمبرگ ایس وی یا پھر ویردر بریمن کی ٹیم کے ساتھ ہو گا۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل بدھ کی شام کو ہیمبرگ میں کھیلا جانے والا ہے۔