1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فضائی آلودگی کے باعث ہلکی بارشوں میں کمی

22 ستمبر 2009

چین میں گزشتہ پانچ عشروں کے دوران فضائی آلودگی کے باعث ان ہلکی بارشوں کی شرح میں واضح کمی ہوئی ہے، جو دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والے اس ملک میں زرعی شعبے اور آبی وسائل کے لئے بہت اہم تصور کی جاتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/Jlyr
بارش کا باعث بننے والے سیاہ بادلتصویر: AP

چین، امریکہ اور سویڈن میں مشترکہ طور پر کی گئی نئی ریسرچ نے ثابت کر دیا ہے کہ مشرقی چین کے کئی علاقوں میں گزشتہ نصف صدی کے دوران ہلکی بارشوں کی اوسط شرح بہت کم ہو چکی ہے۔ یہ وہ علاقے ہیں جہاں بڑی تعداد میں کارخانے اور فیکٹریاں ہیں۔ بہت زیادہ صنعتوں والے علاقے میں اس کا سبب وہ مسلسل بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی ہے، جس کا سلسلہ 1950 کے عشرے میں شروع ہوا تھا۔

سویڈن کی گوٹن برگ یونیورسٹی کے ایک چینی نژاد محقق Deliang Chen کے مطابق ماہرین موسمیات کے بقول ہلکی بارش کی تعریف یہ ہے کہ کسی بھی علاقے میں ایک دن میں 0.1 ملی میٹر سے بھی کم بارش ہو، اور چین میں 1956 سے لے کر 2005 تک ہلکی بارش والے دنوں کی سالانہ تعداد میں قریب ایک چوتھائی کمی ہو چکی ہے۔

Einfach bescheiden präsentiert sich das Wetter
بارش کے قطرےتصویر: AP

تکنیکی وجوہات

تکنیکی حوالے سے اس کی وجہ ہوا میں فضائی آلودگی کا باعث بننے والے ان ذرات کی شرح میں اضافہ ہے، جو aerosols کہلاتے ہیں۔ یہ ایروسول فضا میں آبی بخارات کے ملاپ سے بننے والے پانی کے قطروں کو زیادہ بڑا نہیں بننے دیتے۔ یوں آبی بادلوں کے وجود میں آنے کا عمل متاثر ہوتا ہے اور ہلکی بارش بھی نہیں ہوتی۔

دے لِیانگ چَین کے بقول چین میں کئی برسوں میں بارشوں کی مجموعی سالانہ شرح میں تو زیادہ تبدیلی نہیں آئی، لیکن ہلکی بارشوں کی شرح میں کمی سے وہاں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کوششیں کافی متاثر ہو رہی ہیں۔

پس منظر عوامل

اس کا پس منظر یہ ہے کہ اول تو چین اپنے ہاں سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں کمی کے لئے عملی طور پر اتنے زیادہ اقدامات نہیں کر رہا جتنے اسے کرنا چاہیئں۔ دوسرا یہ کہ چین جیسے ملک میں، ہلکی بارش یا light rain کو اچھی بارش یا good rain اس لئے کہا جاتا ہے کہ بارش ہلکی ہو تو پانی کے قطرے آسانی سے زمین میں جذب ہو جاتے ہیں۔

اس کے برعکس بھاری بارش کا پانی زیادہ تر زمین میں جذب نہیں ہوتا۔ یہ بارش مٹی کو اپنے ساتھ بہا کر لے جاتی ہے۔ یوں زرعی زمین کی پیداواری صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے اور سیلاب بھی آتے ہیں۔

چَین اور ان کے امریکی اور سویڈش ساتھیوں کی اس تحقیق کے نتائج ابھی حال ہی میں امریکہ کے جرنل آف جیو فزیکل ریسرچ میں شائع ہوئے۔ اس تحقیقی منصوبے کے نتائج نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ چین میں شدید نوعیت کی ماحولیاتی آلودگی کے منفی اثرات ہلکی بارشوں کے فائدے سے کہیں زیادہ ہو چکے ہیں۔

کثیر الجہتی اثرات

اب تو یہ شواہد بھی مل چکے ہیں کہ فضائی آلودگی نہ صرف آب و ہوا اور ماحول کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ وہ زرعی شعبے اور معیشت کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہے۔

تین ملکوں کے اس مشترکہ ریسرچ پروجیکٹ کے شرکاء نے اس کی ایک مثال یہ بھی دی کہ شمالی چین کو ان دنوں گزشتہ ساٹھ سال کے دوران اب تک نظر آنے والی شدید ترین خشک سالی کا سامنا ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: گوہرنذیر