1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سائنسشمالی امریکہ

فزکس کا نوبل انعام جاپانی، جرمن اور اطالوی سائنسدانوں کے نام

5 اکتوبر 2021

سال رواں کا فزکس کا نوبل انعام جاپانی سائنسدان سیُوکُورو مانابے، جرمن محقق کلاؤس ہاسل مان اور اطالوی ماہر طبیعیات جارجیو پاریسی کو ان کی انقلابی کامیابیوں کی وجہ سے مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/41Hj4
Physics Nobel prize 2021
تصویر: Pontus Lundahl/AP/picture alliance

سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں اس انعام کا فیصلہ کرنے والی جیوری نے منگل پانچ اکتوبر کے روز اعلان کیا کہ ان تینوں ماہرین کو مشترکہ طور پر یہ انعام آب و ہوا کے مختلف ماڈلز اور فزیکل سسٹمز کی تفہیم کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میڈیسن کا نوبل پرائز: ڈیوڈ جولیئس اور اردم پاتاپوتیان کے نام

جاپانی نژاد امریکی سیُوکُورو مانابے اور جرمنی کے کلاؤس ہاسل مان مشترکہ طور پر مختلف ماحولیاتی ماڈلز پر تحقیق کے لیے اس معتبر عالمی اعزاز کے حق دار ٹھہرائے گئے۔ ان دونوں کو مشترکہ طور پر امسالہ نوبل انعام کے ساتھ ملنے والی نقد رقم کا نصف حصہ دیا جائے گا۔

جیوری کے فیصلے کے اعلان میں یہ بھی کہا گیا کہ مانابے اور ہاسل مان کی مشترکہ ریسرچ زمین کی آب و ہوا سے متعلق چند ایسی بنیادی معلومات اور اس پر اثر انداز ہونے والے ایسے انسانی عوامل سے متعلق ہے، جن کا سائنسی طور پر سامنے لایا جانا ایک انقلابی پیش رفت ہے۔

کیمیا کا نوبل انعام حاصل کرنے والی پانچویں خاتون

Nobelpreis für Physik 2021 | Syukuro Manabe, Klaus Hasselmann and Giorgio Parisi
دائیں سے بائیں: پاریسی، ہاسل مان اور مانابےتصویر: Niklas Elmehed/Nobel Prize Outreach

بدنظمی میں نظم کی تلاش

ان تینوں ماہرین طبیعیات کی ریسرچ کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی تحقیق سے بظاہر بدنظم سمجھے جانے والے طبیعیاتی حقائق اور عوامل میں ایسا نظم تلاش کیا، جس کی مدد سے فطرت کی بہت متنوع قوتوں کے پیچیدہ نظام کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے عمل کو بھی بہتر طور پر سمجھا جا سکے گا۔

اطالوی سائنس دان جارجیو پاریسی کو یہ اعزاز فزیکل سسٹمز میں خرابی، اتار چڑھاؤ اور بے ترتیب مادوں اور بے ترتیب عوامل کے نظریے سے متعلق ان کے دور رس تحقیقی کام کے اعتراف میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

فزکس کے شعبے میں نوبل انعام ایک خاتون سائنسدان کے نام

پاریسی کو اس انعام کے ساتھ ملنے والی رقم کا نصف حصہ ملے گا۔ ان کی تحقیق کی اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے مختلف طبیعیاتی نظاموں میں اتار چڑھاؤ اور ظاہری بدنظمی کے مابین جس ربط کو دریافت کیا، اس کو بنیاد بنا کر مختلف فزیکل سسٹمز کو ایٹم سے لے کر سیاروں تک کی سطح پر بھی سمجھا جا سکتا ہے۔

نصف صدی سے بھی زیادہ عرصے تک سائنس کی خدمت

جن تین سائنس دانوں کو اس سال کا فزکس کا نوبل انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان میں سے ہر ایک نے اپنی زندگی کا تقریباﹰ نصف صدی یا اس سے بھی کہیں زیادہ طویل عرصہ طبیعیاتی تحقیق کرتے ہوئے گزارا۔

فزکس کا نوبل انعام تین جاپانی نژاد سائنسدانوں کے نام

بنیادی طور پر جاپان سے تعلق رکھنے والے اور اب امریکا میں مقیم مانابے کی عمر اس وقت 90 برس ہے جبکہ جرمن ماہر طبیعیات کلاؤس ہاسل مان اس وقت 89 برس کے ہیں۔ ان تینوں ماہرین میں سے اٹلی کے پاریسی کی عمر سب سے کم ہے، مگر وہ بھی اب 73 برس کے ہو چکے ہیں۔

اس سال کے انعام یافتگان کے طور پر ان تینوں ماہرین کو نوبل گولڈ میڈلز کے علاوہ مشترکہ طور پر 10 ملین سویڈش کرونے کی نقد رقم بھی دی جائے گی، جو 1.14 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔

م م / ک م (اے پی، روئٹرز)