1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرینکفرٹ کتاب میلہ: چینی وفد توجہ کا مرکز

14 اکتوبر 2009

فرینکفرٹ کتاب میلے کا افتتاحی دن چینی ادیب، ناشر اور فنکار شائقین کی توجہ کا مرکز رہے۔ میلے کا آغاز کل منگل کے روز ہوا تھا، جس کا افتتاح جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/K69Z
تصویر: AP

فرینکفرٹ کتاب میلے میں چینی ادیبوں کی کتب توجہ کا مرکز ہیں کیونکہ چین اِس سال کے میلے کا اعزازی مہمان ملک ہے۔ چین کی ثقافت اور عالمی سیاست اور مالیاتی نظام میں اس کا بڑھتا ہوا کردار میلے کے مختلف اجتماعات میں گفتگو کا مرکز ہیں۔ چین نے اس میلے میں شرکت پر پانچ ملین یورو کی رقم خرچ کی ہے۔ چینی وفد نے چینی ادب کے شائقین کے لئے اس میلے میں سو سے زائد چینی کتابوں کے جرمن یا انگریزی تراجم پیش کئے۔

Eröffnung Buchmesse 2009
تصویر: AP

چینی وفد میں تین سو کے قریب چینی پبلشنگ کمپنیوں کے ارکان بھی شامل ہیں۔ وفد کے قائد زینگ فوہا نے کہا، ہماری کوشش ہے کہ فرینکفرٹ کتاب میلے میں ہم چینی ثقافت، تاریخ اور ادیبوں کو جرمن باشندوں کے سامنے پیش کر سکیں، تاکہ دونوں ممالک ثقافتی حوالے سے ایک دوسرے کے قریب آسکیں۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس موقع پر کہا:’’چینی وفد کی فرینکفرٹ کتاب میلے میں شرکت سے واضح ہوتا ہے کہ اس موقع پر ہونے والے بحث و مباحثے سے چین کے حامیوں اور ناقدین، دونوں کو فائدہ ہوگا۔ مجھے امید ہے بلکہ پورا یقین ہے کہ اس موقع پر کسی بھی موضوع پر کھل کر بات کرنے سے کوئی نہیں کترائے گا۔ یہی آزادیء اظہار کا بنیادی اصول ہے، جو کہ آرٹ کی تمام اقسام کے ساتھ ساتھ ادب کی اقسام مثلاﹰ شاعری، گیت نگاری اور فکشن کا بھی حصہ ہے۔‘‘

چین کے نائب صدر ژی جن پنگ نے اس موقع پر عالمی امن اور اس کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس میلے میں شریک مختلف ممالک کے وفود سے کہا کہ وہ ایک دوسرے کے کلچر اور حالات کا کھلے دل و دماغ سے مطالعہ کریں اور اس عمل میں باہمی احترام کا پہلو ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

Flash-Galerie Buchmesse Frankfurt
تصویر: Frankfurter Buchmesse

فرینکفرٹ کتاب میلے کو جرمن ناشرین اور کتب فروشوں کی تنظیم کے سربراہ گوٹ فریڈ ہینے فیلڈر منعقد کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے آج کی ڈیجیٹل دنیا میں کتب میلوں کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا:’’معلومات کی ترسیل اور فروغ کے ذرائع کا دارومدار اب ڈیجیٹل مصنوعات پر بڑھتا جا رہا ہے مگر کتاب کی اہمیت اپنی جگہ ہے۔ کتابوں کی دنیا اور ڈیجیٹل دنیا ایک دوسرے کی جگہ نہیں لے سکتیں، تاہم وہ معلومات کی ترسیل میں ایک دوسرے کی مدد ضرور کرتی رہیں گی۔‘‘

فرینکفرٹ کتاب میلے میں دنیا کے سو ممالک سے سات ہزار کے قریب پبلشنگ کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ فرینکفرٹ کتاب میلہ دنیا کا سب سے بڑا اور اہم میلہ سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ سال کے فرینکفرٹ میلے میں ان کمپینوں کی تعداد اس سال سے کچھ زیادہ تھی، تاہم عالمی مالیاتی بحران کے باعث سال رواں کے فرینکفرٹ میلے میں بہت سی کمپینوں نے شرکت سے معذوری ظاہر کردی تھی۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: امجد علی